• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صبا قمر کی کلبھوشن جادھو پر فلم کرنے کی تردید

اداکارہ صبا قمر نے بھارتی جاسوس کلبھوشن جادھو کی زندگی پر بننے والی فلم کا حصہ ہونے سے متعلق جھوٹی خبروں کی تردید کردی۔

گزشتہ دِنوں سے سوشل میڈیا پر خبریں گردِش کر رہی ہیں کہ صبا قمر نے بھارتی جاسوس کلبھوشن جادھو کی زندگی پر بننے والی فلم سائن کرلی ہے اور فلم میں اداکارہ ایک اہم کردار ادا کریں گی۔

اِن جھوٹی خبروں کی تردید کرنے صبا قمر خود میدان میں آگئیں اور اُنہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کیا کہ ’میرے لیے یہ بہت مزاحیہ بات ہے کہ میں ایسی ایسی فلمیں سائن کرلیتی ہوں جن کا علم مجھے خود بھی نہیں ہوتا۔‘

صبا قمرنے لکھا کہ ’میں ایمانداری سے بتا رہی ہوں کہ اگر میں کوئی بھی فلم سائن کروں گی تو خود اُس کا اعلان کروں گی، آپ لو گوں سے چُھپا کر مجھے کیا ملے گا ۔‘

اُنہوں نے مزید لکھا کہ ’برائے مہربانی صرف ریٹنگ کے لیے اِس طرح کی جھوٹی خبریں شائع کرنے سے گُریز کریں۔‘

جب کہ سوشل میڈیا پر خبر شیئر کرنے والی میڈیا کمپنی کا کہنا ہے کہ ’ہم نے جو خبر دی ہے بلکل دُرست ہے اور ہم کبھی غلط خبر شائع نہیں کرتے۔‘

دوسری جانب صبا قمر نےمیڈیا کمپنی کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’آپ کو دیگر ذرائع سے اِس خبر کی تصدیق ہوئی ہے لیکن مجھ سے نہیں۔‘

اُنہوں نے مزید لکھا کہ ’آپ کے لیے ضروری تھا کہ میرے متعلق خبر شائع کرنے سے پہلے مجھ سے تصدیق کرلیتے کہ آیا خبر درست ہے یا غلط؟‘

اُنہوں نے کہا کہ ’میں اب بھی اِس خبر کی تردید کررہی ہوں، کسی منصوبے کے تحت میرا نام استعال کیا جا رہا ہے جبکہ میں فلم کا حصہ بھی نہیں ہوں۔‘

تازہ ترین