• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دورۂ پاکستان، آسٹریلین کرکٹ حکام نے امید کے چراغ روشن کردیئے

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کرکٹ آسٹریلیا نے 2022 میں دورہ پاکستان کے لیے امید کے چراغ روشن کرتے ہوئے ٹیم بھجوانے کا مثبت اشارہ دے دیا۔ چیف ایگزیکٹیو کیون رابرٹسن نے سیکیورٹی منیجر شان کیرل کے ساتھ دو دن قبل اسلام آباد کا دورہ کیا تھا ۔ کرکٹ آسٹریلیا کے چیئرمین ارل ایڈنگز چار اکتوبر کو دوروزہ دورہ پر لاہور آرہے ہیں۔ منگل کو کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹیو کیون رابرٹس اور چیف سیکیورٹی آفیسر شان کیرل ایک دن کے دورے پر اسلام آبادپہنچےتھے۔ کیون رابرٹس نے سڈنی پہنچنے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں پاکستان کے سیکیورٹی حالات پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ سب کچھ ٹھیک چل رہا ہے۔2022 میں ٹیم بجھواسکتے ہیں لیکن اس حوالے سے جلد بازی کرنے کی ضرورت نہیں۔ اس دورے کا مقصد چیزوں کو باریک بینی سے دیکھنے کے ساتھ تمام صورت حال کا مشاہدہ کرنا تھا، اس دورے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ تعلقات میں مزید بہتری آئے گی۔ کیون رابرٹس نے کہاکہ ہم پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی چاہتے ہیں لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ تمام پہلوئوں کا جائزہ لیے بغیر اپنی ٹیم وہاں بجھوادیں، آہستہ آہستہ چیزوں پر نظر رکھ رہے ہیں، اس دورے کے حوالے سے ہمارے پاس ابھی کافی وقت ہے، کھلاڑیوں اور سپورٹنگ اسٹاف کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے، ٹور سے پہلے یقینی طورپر سیکیورٹی ماہرین کی رپورٹس بھی مدنظر رکھی جائے گی۔ فروری 2022 میں آسٹریلوی ٹیم نے دوٹیسٹ، تین ون ڈے اورتین ٹی ٹوئنٹی میچوں کے لیے پاکستان کا مہمان بننا ہے۔

تازہ ترین