• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ کے پاس بریگزٹ کا پلان پیش کرنے کیلئے12 دن رہ گئے، انٹی رینی

لندن (پی اے) فن لینڈ کے وزیراعظم انٹی رینی نے کہا ہے کہ برطانیہ کے پاس بریگزٹ کا پلان پیش کرنے کیلئے 12 دن رہ گئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون اور وہ اس بات پر متفق ہیں کہ برطانیہ کو ستمبر کے آخر تک اپنی تجاویز پیش کردینی چاہئیں۔ اگر انھوں نے ایسا نہیں کیا تو وقت ختم ہوجائے گا۔ فن لینڈ ان دنوں یورپی یونین کا صدر ہے۔ ڈائوننگ سٹریٹ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ہم مذاکرات جاری رکھیں گے اور مناسب وقت پر تجاویز پیش کردیں گے۔ بورس جانسن نے کہا کہ 17 اکتوبر کو یورپی یونین کی سربراہ کانفرنس میں ڈیل ممکن ہے لیکن اس کے ساتھ ہی انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ اگر ڈیل نہ بھی ہوئی تو بھی بریگزٹ 31 اکتوبر ہی کو ہوگی۔ برطانوی حکومت نے کہا ہے کہ بورس جانسن کے اقتدار سنبھالنے کے بعد سے یورپی یونین کے ساتھ بات چیت میں پیش رفت ہورہی ہے اور برطانیہ نے آئرش بارڈر بیک سٹاپ کے حوالے سے متبادل تجاویزبھی پیش کی ہیں، اس پالیسی کا مقصد آئرلینڈ میں ہارڈ بارڈر سے بچنا ہے، یہ سابق وزیر اعظم تھریسا مے کے دور میں بریگزٹ ڈیل کا ایک کلیدی نکتہ تھا لیکن بورس جانسن اپنے انٹرویوز میں تجاویز کی تفصیلات بتانے سے انکار کرتے رہے ہیں اور یہ کہتے رہے ہیں کہ وہ عوام میں اس پر بات نہیں کرنا چاہتے۔ دوسری جانب یورپی یونین اس بات پر مستقل تنقید کرتا رہا ہے کہ برطانیہ تحریری طورپر تجاویز پیش نہیں کر رہا ہے۔ قبل ازیں یورپی کمیشن کے صدر جین کلائوڈ جنکر نے ایک میٹنگ میں کہا تھا کہ پیرکو بورس جانسن سے ہونے والی ملاقات تعمیری رہی لیکن اس کے ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ جب تک تحریری تجاویز پیش نہیں کی جاتیں، میں آپ کو کچھ نہیں بتا سکتا کہ حقیقی معنوں میں کوئی پیش رفت ہوئی ہے۔

تازہ ترین