پاکستان کے ننھے پروفیسر حماد صافی شدید علالت کے بعد صحت یاب ہو کر اسپتال سے گھر منتقل ہوگئے۔
انہوں نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر اپنے مداحوں کو آگاہ کیا کہ وہ کامیاب آپریشن کے بعد اسپتال سے گھر منتقل ہوگئے ہیں اور اُن کی طبیعت بلکل ٹھیک ہے۔
انہوں نے یہ بھی لکھا کہ انشاء اللّه آپ سب کی دعاؤں سے چار سے پانچ دن کے اندر وہ اپنے پاؤں پر دوبارہ کھڑے ہو جائیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز حماد نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ پر دعاؤں کی درخواست کرتے ہوئے اطلاع دی تھی کہ وہ شدید علالت کے باعث الشفا اسپتال اسلام آباد میں زیر علاج ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر حماد کے اکاؤنٹس پر ایک طویل پوسٹ شیئر کی گئی تھی جس میں حماد نے پوری قوم سے درخواست کی تھی کہ میرے لئےخصوصی دعا کریں۔
یہ بھی پڑھیے: پاکستان کا روشن مستقبل ’’حماد صافی‘‘
حماد نے اپنے فیس بک پیج پر بتایا کہ وہ اسپتال کے بیڈ پر موجود ہیں جہاں اُن کے اپنڈکس کے جزیات معائنے کے لئے بھیجے جاچکے ہیں جو آج تین دن پورے ہونے کے بعد واپس آجائیں گے۔
انہوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ اگر اپنڈکس پھٹ جاتا ہے تو اسکا کیا مطلب ہے یہ آپ بخوبی جانتے ہیں۔
حماد کی پوسٹ کے مطابق کچھ دن پہلے انہیں پیٹ میں درد کی شکایت ہوگئی تھی اور کھانا کھانے سے بھی ہاتھ کھینچ لئے تھے جسکی وجہ سےانہیں الشفا انٹرنیشنل اسلام آباد معائنےکے لئے لے جایا گیا۔
چیک اپ کے بعد ڈاکٹر نےتندرست قرار دے کر گھر واپس بھیج دیا۔
اس کے تین دن بعد گھر پر ایک بار پھر انہوں نے شدید درد کی شکایت کی جس پر ایک بار پھرانہیں الشفا اسپتال منتقل کیا گیا جہاں پر چیک اپ کے بعد بتایا گیا کہ اُن کا اپنڈکس پھٹ گیا ہے جس کا ہنگامی بنیادوں پر آپریشن ضروری ہے۔
یہ بھی پڑھیے: 11برس کے پاکستانی بچے کے چرچے دنیا بھر میں
اہل خانہ کی اجازت کے بعد لیزر ٹیکنالوجی کی مدد سے اُن کا آپریشن کردیا گیا۔
حماد نے سوشل میڈیا پوسٹ میں یہ سوال بھی اٹھایا کہ کیا تین دن پہلے کیے گئے ٹیسٹ غلط تھے اگر وہ غلط نہیں تھے تو پھر اُن کی زندگی کو کیوں خطرے میں ڈالا گیا؟
حماد نے یہ بھی لکھا کہ اسپتال والوں نے اُن کے والدین کو بتایا کہ انہوں نے حماد کو وقت پر پہنچایا ورنہ حالات کچھ بھی ہوسکتے تھے۔
انہوں نے لکھا کہ تین دن قبل چیک اپ کے لیے اس لیے گئے تھے تا کہ مجھے معلوم ہوسکے کہ میرے پیٹ میں درد اور صحت کی خرابی کی وجوہات کیا ہیں لیکن ان کی جانب سے تمام ٹیسٹوں کے بعد مجھے ویل چائلڈ کہہ کر فارغ کیا گیا۔
حماد کا کہنا تھا کہ میرے والدین میری صحت کے حوالے سے اسپتال کی اس بے حسی پر غور کر رہے ہیں۔
اپنی پوسٹ کے آخر میں انہوں نے پوری قوم سے درخواست کی ہے کہ اُن کے لیے خصوصی دعا کریں کہ اللّٰه تعالیٰ انہیں اس مشکل امتحان سے صبر کے ساتھ گزار سکے۔
مستقبل کے معمار کی اس پوسٹ پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید رد عمل دیکھنے میں آرہا ہے جس کا اندازہ اس بات سے لگا سکتے ہیں کہ حماد کی پوسٹ پر 38 ہزار سے زائد کمنٹس جبکہ 8 ہزار سے زائد لوگ اس پوسٹ کو شیئر کر چکے ہیں۔
ہنر مند نونہال کی اس پوسٹ کو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل کیا جارہا ہے اور صارفین کی جانب سے دعائیہ پیغامات بیجھے جا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ 12 سالہ حماد کا تعلق پشاور سے ہے۔ وہ پاکستان سمیت دُنیا بھر میں کم عمر ترین پروفیسر ہونے کا اعزاز رکھتے ہیں۔
حماد صافی نجی و سرکاری جامعات، کالجوں اور اسکولز کے طلبہ کو بلامعاوضہ لیکچرز بھی دیتے ہیں۔