پشاور (نمائندہ جنگ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے ایک مرتبہ پھر چیلنج دیتے ہوئے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کو کسی صورت اسلام آباد پہنچنے نہیں دیں گے، جو کہا ہے کر کے دکھاؤں گا، ہم نہ صرف انہیں روک کر دکھائیں گے بلکہ کسی کو گھر سے نکلنے نہیں دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اگر مولانا کو اسلام آباد جانے کا بہت شوق ہے تو ہم ڈیرہ اسماعیل خان کا نام اسلام آباد رکھ دیتے ہیں، مدارس کے بچوں کو سیاست کیلئے استعمال کرنا بہت بڑا جرم ہے۔
اس لئے ریاست بچوں کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال نہیں ہونے دے گی ، ہم سب مسلمان ہیں اور اسلام کی سربلندی کیلئے ہر حد تک جانے کیلئے تیار ہیں لیکن مولانا فضل الرحمان کا پتہ نہیں کس اسلام کیلئے وہ حکومت کیخلاف نکلنے کی بات کر رہے ہیں؟
جمعیت علمائے اسلام اگر کسی ایک مسئلہ کی بھی نشاندہی کرے تو حکومت اس کے حل کیلئے تیار ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور میں ذیابیطس کے مریضوں کیلئے ذیابیطس موبائل کلینک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔