• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹیوب سٹیشنزپر مظاہرہ کرنے والے 5 مظاہرین چارج

لندن(پی اے) لندن کے 3 ٹیوب سٹیشنز پر کلائمٹ چینج کے خلاف مظاہرہ کرنے والے 5 مظاہرین کو گزشتہ روز چارج کر دیا گیا۔ سٹریٹ فورڈ، کیننگ ٹائون اور شیڈ ویل میں مصروف اوقات میں ٹرین کی چھت پر چڑھ جانے والے بعض مظاہرین کو مسافروں نے کھینچ کر نیچے اتارا، 2خواتین اور 2مردوں کو شیڈ ویل پر ٹرینوں میں رکاوٹ ڈالنے کے الزام میں چارج کیا گیا، ایک شخص کو کیننگ ٹائون پر مظاہرے کے دوران ضمانت کی شرائط کی خلاف ورزی کرنے پر چارج کیا گیا، ان پانچوں کو بعد میں ہائی بری مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ 32 سالہ مارگریٹ بوس، 52 سالہ مارٹن نیویل، 83 سالہ فلپ کنگسٹن اور 77سالہ سوپارفٹ کو بدنیتی سے نقصان پہنچانے کے ایکٹ کی دفعہ 36ایک انجن یا گاڑی کو روکنے کی کوشش کرنے اور ایک 35 سالہ شخص کو ریلوے میں خلل ڈالنے کے شبہے میں کیننگ ٹائون سے گرفتار کیا گیا۔ اسے ضمانت پر رہا کر دیا گیا جبکہ تفتیش جاری ہے۔ 2 دیگر 32 سالہ افراد کو سٹیٹ فورڈ سٹیشن سے ریلوے میں خلل ڈالنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا، ان کو بھی ضمانت پر رہا کردیا گیا جبکہ ان کے خلاف بھی تفتیش جاری ہے۔ لندن کے میئر صادق خان نے جمعرات کے مظاہرے کی شدید مذمت کی ہے۔ برٹش ٹرانسپورٹ پولیس نے خلل ڈالنے کے حوالے سے معلومات رکھنے والوں سے تعاون کی اپیل کی ہے۔ لندن میں اس وقت بھی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔
تازہ ترین