• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

پاکستان میں انتشار، بھارتی کوشش، ہر میدان میں شکست کے بعد کشمیر سے توجہ ہٹانے کیلئے بھارت کچھ قوتوں کو آگے کرنا چاہتا ہے، وزیرخارجہ

لاہور(ایجنسیاں‘مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان میں انتشار پھیلانے کی کوشش کررہا ہے، بھارت کی سیزفائر کی خلاف ورزی کے پیچھے بدامنی ہے جبکہ مقبوضہ کشمیر پر ان کا بیانیہ پٹ گیا ہے۔ 

ہر میدان میں شکست کے بعد کشمیر سے توجہ ہٹانے کے لیے بھارت کچھ قوتوں کو آگے کرنا چاہتا ہے، سرحدوں پر شکست کے بعد ہندوستان، پاکستان کو اندرونی مسائل میں الجھانے کی کوشش کررہا ہے، بوکھلاہٹ کا شکار بھارت خطے کا امن تباہ کرنا چاہتا ہے۔ 

مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے خلاف کشمیری جوانوں کی جدوجہد رنگ لائے گی، کشمیر اور پاکستان لازم و ملزوم ہیں جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پاک فوج نے بھارت کے کئی فوجی جہنم و اصل کرکے بزدل دشمن کو سبق سکھایا ہے۔

پاکستان کی مسلح افواج وطن کی حفاظت کے لیے ہمہ وقت کمربستہ ہیں، بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے، پاک فوج بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے وزیراعلیٰ آفس میں ملاقات کی، دونوں رہنماؤں نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی جانب سے شہری آبادی پر بلااشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کی اور بھارتی فوج کو منہ توڑ جواب دینے پر پاک فوج کی جرات و بہادری کو خراج تحسین پیش کیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار   کی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات


عثمان بزدار اور شاہ محمود قریشی نے شہید لانس نائیک زاہد اور شہریوں کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ 

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج نے بھارت کے کئی فوجی جہنم واصل کرکے بزدل دشمن کو سبق سکھایا ہے، پاک فوج بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے اور 22 کروڑ عوام بہادر مسلح افواج کے ساتھ ہیں، پاک فوج نے بروقت جوابی کارروائی کرکے دشمن کو بھاری نقصان پہنچایا۔ 

وزیراعلیٰ نے کہا کہ بھارت بے بنیاد الزامات کی آڑ میں شہری آبادی کو نشانہ بنا کر خطے کو جنگ کی آگ میں جھونکنا چاہتا ہے، بھارت بزدلانہ کارروائیاں کرکے کشیدگی کو ہوا دے رہا ہے، پاکستانی قوم مظلوم کشمیری عوام کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑی ہے۔ 

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بوکھلاہٹ کا شکار بھارت خطے کا امن تباہ کرنا چاہتا ہے، مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے خلاف کشمیری جوانوں کی جدوجہد رنگ لائے گی۔ کشمیر اور پاکستان لازم و ملزوم ہیں، بھارتی حکومت نے کشمیریوں پر ظلم کی انتہا کرکے سفاکیت کی نئی تاریخ رقم کی ہے۔

آئی این پی کے مطابق شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت اپنی ساکھ اور کشمیریوں کی ہمدردی کھوچکا ہے، توجہ ہٹانے کے لیے کبھی وہ جعلی فلیگ آپریشن کا بہانہ بناتا ہے کبھی وہ ایف اے ٹی ایف میں پاکستان کو بلیک لسٹ میں دھکیلنے کی کوشش کرتا ہے لیکن بھارت کو ہر میدان میں شکست ہو رہی ہے اور وہ اپنی خفت مٹانے کے لیے ایسی حرکتیں کررہا ہے لیکن پاکستان اپنا دفاع کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور انشااللّہ اپنا دفاع کرے گا، 27 اکتوبر کو یوم سیاہ منانے کا فیصلہ کیا ہے اس سے بھارت پر مزید دباؤ بڑھے گا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت مسئلہ کشمیر کو دہشت گردی سے جوڑتا تھا، لوگوں پر واضح ہو گیا مسئلہ دہشت گردی کا نہیں، حق خودارادیت کا ہے، پاکستانی قوم یکجا ہوچکی ہے، پاکستان کے باہر بھی ہردارالخلافے میں پاکستانیوں اور کشمیریوں نے احتجاج کرکے بھارت کو بے نقاب کر دیا ہے، بھارت پر دباؤ بڑھ رہا ہے، اس سے توجہ ہٹانے کے لیے وہ جعلی فلیگ آپریشن چاہتا ہے، بھارت پاکستان میں داخلی انتشار کے لیے کچھ قوتوں کو آگے کرنا چاہتا ہے، بھارت کی خواہش ہے پاکستان اپنے داخلی مسائل میں الجھا رہے اور مقبوضہ کشمیر سے توجہ ہٹ جائے۔

تازہ ترین