• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سبز، سرخ اور جامنی رنگوں کے انگور مزیداراور غذائیت سے بھرپور ہوتے ہیں۔ قدرت کا یہ شاہکار پھل پوٹاشیم، کاربوہائیڈریٹ، پروٹین، وٹامن اے، وٹامن سی ، کیلشیم، آئرن، وٹامن بی6اور میگنیشیم سے بھرپور ہوتا ہے۔انگور کو جنت کا پھل بھی کہا جاتا ہے، جسے باغوں کے علاوہ گھروں میں بیلوں پر بھی اُگایا جاتا ہے۔ 

ابتدائے زمانہ میں یہ یورپ اور بحیرہ روم کے خطے کا پھل تھا لیکن اب دنیا کے ہر خطے میں اسے اُگایا اور کھایا جاتاہے۔ انگور کھانے سے آپ کو اپنی صحت کے حوالے سے درج ذیل فوائد حاصل ہوتے ہیں۔

صحت مند دل

انگور اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور ہوتے ہیں، جو دل کے امراض کے خطرےکو کم کرنے میں مدد دیتے ہیں۔ ان اینٹی آکسیڈنٹس کے ساتھ ساتھ پولی فینولز بھی آتے ہیں، جن کا کا م بھی دل سےوابستہ بیماریوں کو دور کرنا ہوتا ہے۔ 

بوسٹن یونیورسٹی اسکول آف میڈیسن کے محققین کی ایک تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ انگور کے پولی فینول LDL(خراب کولیسٹرول) اور بلڈ پریشر میں کمی لاسکتے ہیں جبکہ دوسرے صحت بخش فوائد کے علاوہ سوجن (Inflamation) کو بھی کم کرسکتے ہیں۔ تحقیق سے نتیجہ اخذ کیا گیا ہے کہ انگور سمیت غذائیت سے بھرپور دیگر پھل اور سبزیاں قلبی بیماریوں کے خطرے کو کم کرسکتی ہیں۔

نظام ہاضمہ

انگور میں فائبر ہوتا ہے جو نظام ہاضمہ میں مدد کرتاہے۔ انگور میں پایا جانے والا ریشہ زیادہ تر ناقابل تحلیل رہتا ہے کیونکہ یہ پیٹ کو صحت مند رکھنے کے لیےآپ کی آنتوں میں منتقل ہوجاتا ہے۔ انگور کا پانی بھی ایک اہم جزو ہے، جو صحت مند ہاضمے میں مدد کرتا ہے۔

  زائد توانائی

انگور میں کاربوہائیڈریٹ اور خاص سیلولوز شامل ہوتے ہیں، جو قدرتی توانائی میںاضافہ کرتے ہیں۔ مٹھی بھر انگور کھانے سے آپ کو فوری طور پر توانائی ملے گی۔ انگور میں فائبر کی مقدار زیادہ ہونے کی وجہ سے میٹابولزم کا عمل سست ہو جاتاہے ، جس سے آپ کو دیرپا توانائی مل جاتی ہے۔

گردوں کی صحت

انگور میں اینتھوسنین (anthocyanin ) جس کی وجہ سے انگور کا سرخ رنگ جامنی رنگ میں تبدیل ہو جاتا ہے اور ریسوریٹرول (resveratrol)جیسے طاقتور اینٹی آکسیڈنٹس ہوتے ہیں۔ یہ فاضل مادوں جیسے یورک ایسڈ کو نکالنے کے لئے بھی سخت محنت کرتے ہیں۔ دونوں اینٹی آکسیڈنٹس فری ریڈیکلز سے لڑنے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں، فری ریڈیکلز گردوں میں انفیکشن اور بیماری کا باعث بن سکتے ہیں۔

کینسر سے بچاؤ

انگور میں موجود طاقتور اینٹی آکسیڈنٹس میں کینسر سے لڑنے کی خصوصیات ہوتی ہیں، جو چھاتی کے کینسر سمیت کئی کینسرز سے محفوظ رکھنے میں مدد کرتے ہیں۔ پولی فینولز جیسے ریسوریٹرول میں اینٹی آکسیڈنٹ کی خصوصیات کے علاوہ سوجن اور جلن کے خلاف اینٹی انفلیمیٹری خصوصیات بھی پائی جاتی ہیں۔

تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ ریسوریٹرول میں بہت سارے فوائد کے ساتھ ساتھ یہ بھی ایک بڑا فائدہ ہے کہ یہ کینسر کے خطرات کم کرنے میں مدد کرتا ہے۔

  مضبوط اور تیز تر

انگور آپ کے پٹھوں کی طاقت اور صلاحیت کو بہتر بناسکتے ہیں۔ جارجیا یونیورسٹی میں چوہوں پر کئے گئے مطالعے سے معلوم ہوا ہے کہ انگورکے چھلکوں میں پائے جانے والے مرکبات (کیٹیچنز، کوئیرسیٹن اور ریسوریٹرول) نے چوہوں میں تھکن، فٹنس اورپٹھوں کے افعال کو بہتر کرنےمیں مدد کی۔ اگرچہ انسانوں پر اس قسم کی تحقیق نہیں کی گئی، تاہم انگوروں سے جو توانائی ملتی ہے، اس سے آپ خود کو بہتر محسوس کرتے ہیں۔

جِلد بہترین

انگور میں موجود اجزا، عمرمیں اضافے کی وجہ سے ہونے والی علامات اور جِلد سے متعلق مسائل کو کم کرنے میں مدد کرتے ہیں۔ کیلیفورنیا یونیورسٹی میں کی گئی ایک تحقیق کے مطابق انگو ر میں موجود ریسوریٹرول (resveatrol) کیل مہاسوں کی وجہ بننے والے جراثیم کے خلاف مزاحمت کرتا ہے۔

آنکھوں کیلئے مفید

میامی یونیورسٹی کی ایک تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ انگور کھانے سے آنکھیں صحت مند رہتی ہیں۔ تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ انگور کھانے سے آنکھوں کے قرنیے میں نقصان دہ مالیکیولز کے اخراج کا خطرہ کم ہوتاہے۔ یہ پھل ڈی این اے کو نقصان سے محفوظ رکھنے میں مدد کرتے ہوئے صحت مند خلیوں کو تحفظ فراہم کرتاہے، جس سے بصارت کو فائدہ ہوتا ہے۔

سانس لینے میں آسانی

مطالعوں سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ آپ پھل اور سبزیاں جتنی کم کھائیں گے، اتناہی آپ کو استھما یا سانس کی بیماریوں کا مسئلہ ہوسکتا ہے۔ انگور کھانے سے آپ کے دمہ کی تکلیف کم ہوسکتی ہے۔ جریدے، نیوٹرینٹ میں شائع ہونے والے نتائج سے پتہ چلا ہے کہ پھل اور سبزیاں دمہ کی روک تھام اور علاج دونوں میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

تازہ ترین