• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

‎ امریکی بزنس مین عابد ملک وزیراعظم آزاد کشمیر کے کوآرڈینیٹر مقرر

پاکستان سوسائٹی آف نارتھ ٹیکساس کے صدر اور امریکا کے ممتاز بزنس مین عابد ملک کو وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے اپنا کو آرڈینیٹر برائے امریکا مقرر کیا ہے۔

اس بات کا اعلان آزاد کشمیر میں منعقدہ ایک تقریب میں کیا گیا جس میں وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان، سینئر وزیر چوہدری طارق فاروق، وزیر ہائیر ایجوکیشن کرنل (ر) وقار احمد نور، وزیر ریلیف، ڈیزاسٹر و سول ڈیفنس احمد رضا قادری، سیاسی کارکنان، اعلیٰ انتظامی آفیسران سمیت مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے شرکت کی۔

تقریب میں وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری راجہ امجد پرویز علی خان نے عابد ملک کو وزیراعظم کا کوارڈینیٹر برائے امریکا مقرر کرنے اور مقبوضہ ریاست جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر کشمیر سینٹر نیویارک کو وزیر اعظم آزاد کشمیر کی طرف سے فوری طور پر بحال کیے جانے کا نوٹیفکیشن پڑھ کرسنایا جبکہ وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے اس سرکاری سند کی کاپی عابدحسین ملک کو پیش کی۔

اس موقع پر وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمدفاروق حیدر خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عابد ملک امریکی کانگرس و سینٹ میں اثر و رسوخ کے حامل ہیں جبکہ بیشتر اراکین کانگرس سے ان کے ذاتی تعلقات بھی ہیں جبکہ امریکی معاشرے میں محنت کے بل بوتے پر انہوں نے اپنا نام پیدا کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم اُمید کرتے ہیں کہ وہ اپنا اثر و رسوخ استعمال کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں ہندوستانی فوج کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو امریکی معاشرے میں بے نقاب کرنے کے ساتھ ساتھ اس ظلم اور زیادتیوں کو وہ ایوان نمائندگان تک بھی پہنچائیں گے۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ جس طرح میرے حال ہی میں دورہ امریکا کے دوران عابد ملک نے مختلف پروگرامز منعقد کیے کمیونٹی ایونٹ کے ساتھ ساتھ میری ملاقاتیں امریکا کے انتہائی بااثر اراکین کانگریس سے کرائیں، جس پر میں ان کا شکر گزار ہوں۔

اس موقع پر آزاد کشمیر کے سینئر وزیر چوہدری طارق فاروق نے خطاب کرتے ہوے کہا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر نے ایک ایسے شخص کوذمہ داری سونپی ہے جو حقیقی معنوں میں اس عہدہ کا اہل ہے کیونکہ انہوں نے اس کو وزیر اعظم کے حالیہ دورہ میں ثابت کرکے بھی دکھایا ہے، عابد ملک نے امریکا میں مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے بہت کام کیا اور یہ ذمہ داری قبول کرنے پر ہم ان کے مشکور ہیں۔

اس موقع پر وزیراعظم کے کوارڈینیٹر برائے امریکا عابد ملک نے وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان کاشکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح انہوں نے مجھ پر اعتماد کا اظہار کیا ہے میں اس پر پورا اُترنے کی بھرپور کوشش کروں گا۔

مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی طرف سے سنگین صورتحال اور مسئلہ کشمیر کو اُجاگر کرنے میں امریکن کانگریس و سینٹ کے اراکین کے ساتھ اپنے ذاتی اثر و رسوخ کو استعمال کریں گے۔

دوسری جانب اس خبر کے بعد ڈیلس کمیونٹی نے اس خبر کا خیرمقدم کرتے ہوئے عابد ملک کو ان کی تقرری پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ امریکا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے لیے ایک بڑا اعزاز ہے اور اس سے کشمیر کے حوالے سے اصل حقائق امریکی ایوان نمائندگان اور امریکی عوام کو بتانے میں بڑی مدد ملے گی جبکہ ایک پلیٹ فارم پر کمیونٹی کو یکجا کرنے میں بھی بڑی مدد حاصل ہوگی۔

تازہ ترین