• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
گل دخار…سیمسن جاوید
یہ تو خدا ہی جانتا ہے کہ اس کی نظر میں کون مقبول ہے اوراس کے علاوہ انسان کو جج کرنے کا اختیاربھی صرف خدا کو حاصل ہے۔انسان سب جانتے بوجھتے بھی دوسرے پر انگلی اٹھانے سے بعض نہیں آتا۔اچھائی یا برائی انسان کا اپنا فعل ہے جس کا حساب اسے خدا کو دینا پڑے گا۔ ڈاکٹربشپ یوسف ندیم جب پاکستان سے انگلینڈ آئے تھے تولوگوں نے ان کے بارے میں بہت کچھ کہا تھا۔ میں بعض اوقات سیاسی ایشوز سے ہٹ کر ایسے لوگوں کو متعارف کروانے کی کوشش کرتا ہوںجو اپنی کمیونٹی کی فلاح و بہبود کے لیے کچھ نہ کچھ کر نے میں مصروف رہتے ہیں تاکہ ان کی زندگی دوسروں کے لئے مشعل راہ ہو اور وہ بھی انسانیت کی خدمت کو اپنا نصب العین بنائیں۔ شیخوپورہ روڈ پر واقع فرانسس آباد مسیحیوں کی ایک بہت بڑی کالونی ہے ۔جسے فادر فرانس نے اس ارادے سے شروع کیا کہ بے گھر لوگوں کوسستے اورمناسب داموں میں گھر مہیا کئے جائیں۔انکی یہ ہاؤسنگ سیکم اب بہت بڑی کالونی کی شکل اختیار کر چکی ہے۔شروع میں یہ کالونی بے شمار مسائل کا شکار رہی ۔مگر آج خدا کے فضل و کرم سے بہت سے لوگ غیر ممالک میں آباد ہو چکے ہیں ان کا اپنا ایک نام ہے۔ اوورسیز میں رہتے ہوئے بھی وہ اپنے لوگوں کی فلاح وبہود ،سیاسی و معاشی حالت کو بہتر بنانے میں کوشاں ہیں ۔ان میں بشپ یوسف ندیم بھندر بھی شامل ہیں۔شاید کسی نے سوچا بھی نہ ہوگا کہ ایک خوبرو گورا چٹا یوسف ندیم بھندر نامی نوجوان جو فرانسس آباد گوجرانوالہ کی گلیوں میں گھومتا پھرتا دکھائی دیتاہے،مستقبل میں کوئی نام پیدا کرے گا اور اپنے خاندان سمیت انگلینڈ میں آباد ہو کر پاکستان کے مسیحیوں کی فلاح وبہبود کے لئے کام کرے گا۔مختلف سیاسی و سماجی اور مذہبی لوگوں سے چندہ اکٹھا کر کے بشپ یوسف ندیم نے فرانسس آباد اور اْس کے گردونواح میں پینے کے صاف پانی کے فلٹرزلگوائے۔ناخواندہ اور گھریلوخواتین کیلئے سلائی سکول کھلوائے ۔غریب اور یتیم بچوں کے لئے پرائمری سکول جیسے کئی منصوبے مکمل کئے ہیں اور تا حال بہت سے منصوبوں پر کام کررہے ہیں ۔حال ہی میں انہوں نے 80 خاندانوں میں ڈینگی مچھرسے بچنے کے لئے فری مچھر دانیاں تقسیم کی ہیں۔گو کہ ڈاکٹربشپ یوسف ندیم کی شخصیت میںبچپن ہی سے لیڈر شپ کا عنصر موجود تھا۔فرانسس آباد گوجرانوالہ کاتھولک یوتھ گروپ کے صدررہے اور مکتبہ عناولیم کے ڈائریکٹر فادر عمانوایل عاصی سے ان کی ایک خاص قربت تھی۔مکتبہ عناویم کے ضلع گوجرانوالہ کے کوآڈینیٹر تھے ۔حق اور سچائی کا متلاشی اور مسیحیوں کی خدمت سے سرشار مختلف شہروں اور صوبوں میں گھومنے والا اورخوب سے خوب تر کی تلاش میں مگن اپنے خوابوں کو تعبیردینے کے لئے یہ نوجوان میٹرک پاس کرنے کے بعد کراچی چلا گیا ۔ جہاں اس کی ملاقات پاسٹر مائیکل تن اور پاسٹر کرسٹوفرسے ہوئی جو کہ سنگا پورسے تھے اور کراچی میں بطور مشنریز کام کر رہے تھے ۔ان سے بہت کچھ سیکھنے کو ملا۔ ایف ایس سی کراچی سے کرنے کے بعد فرانسس آباد گوجرانواالہ واپس آگئے اور1992 میں منسٹری آف’’ His Grace Churches International‘‘ کا آغاز ایک گاؤں سے کیا۔1996 میںاس منسٹری کو گورنمنٹ آف پنجاب گوجرانوالہ سے رجسٹر کروایا۔جو کراچی سے گوجرانوالہ ،لاہور اور مختلف شہروں میں پھیل گئی۔ان کے چرچز میں عبادت گزرانی جاتی ہے۔ آج یہ منسٹری 202 پاسٹرل ٹیم کے ساتھ سرگرم عمل ہے۔اسی دوران 1999 میںانہوں نے گریجویشن اسلامک ہسٹری اور جرنلزم میں پاس کیا ۔ 2000 گوجرانوالہ تھیالوجی سیمنری سے بیچلر آف تھالوجی (B.Th:Bachelor of theology)۔ 2002 میں سنگا پور سے(A.L.T ۔2005 میں D.Min(Doctor of Ministry) ۔2006 میں M. Div(Master of .Divinity) کیا۔ 25 جون 2010 کو سینئر پاسٹرز کی طرف سے ان کی نومینیشن پر نیشنل سپریم کونسلز آف بشپز کی طرف سے انکی بحیثیت بشپ آرڈینیشن ہوئی اور یوں انہوں نے بحیثیت بشپ اپنی نئی ذمہ داریوں کو سنبھالا۔بائبل
مقدس کی تبلیغ کیلئے تقریباً 116 دفعہ دنیا کے مختلف ممالک کا دورہ کیا۔20 کتابوںکے مصنف /ترجمان ہیں۔نیشنل سپریم کونسل آف بشب پاکستان کے جنرل سیکرٹری کے علاوہ ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کے 12 سال تک ممبر رہے۔ڈسٹرکٹ پیس کمیٹی گوجرانوالہ گورنمنٹ آف پنجاب کے ممبر رہے اور اب انگلینڈ میں لونگ فیتھ میتھوڈسٹ چرچ کے ساتھ ملکرکام کررہے ہیں۔اسکے علاوہThe Internatoal Christian Church Network (TICCN) انگلینڈ میں بطور پاکستانی نمائندہ کا م کر رہے ہیں۔انگلینڈکی پارلیمنٹ APPG ،جوزف فرانسس کی این جی اووز CLAAS ،پاپوا نیوگنی کے مشنریوں اور دیگر این جی اوز نے انہیں حوصلہ افزائی کے ایورڈز سے نوازہ ہے۔دنیا کے عظیم مذہبی خادموں ،ڈاکٹر بینیھن۔ڈاکٹر یونگیچو اور دیگر سے ملاقات کر چکے ہیں۔انہیںسنگا پور میں دورانِ تعلیم ’’ ینگ رائٹر‘‘ کا ٹائٹل بھی مل چکا ہے۔ ہماری دعا ہے کہ خدا ہمیشہ انہیں خدمت سے جذبے سے سرشار رکھے اور وہ یوںہی انسانیت کی فلاح و بہبود کے لئے کام کرتے رہیں۔
تازہ ترین