• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جرائم کے خاتمے کیلئے نوجوان پولیس کے شانہ بشانہ ذمہ داری نبھائیں:آرپی او

ملتان(سٹاف رپورٹر)ریجنل پولیس آفیسر ملتان وسیم احمد خان نے کہا ہے کہ پولیس کے شہداء کی قربانیوں اور خدمات کا اعتراف کرکے فورس کا مورال بلند کرنا ناگزیر ہے، عوام کے ذہنوں سے پولیس کے حوالے سے منفی تاثر کو ختم کرنے کی ضرورت ہے، معاشرے سے جرائم کے خاتمے کیلئے نوجوان نسل سمیت ہر شہری کو پولیس کے شانہ بشانہ چل کر اپنی ذمہ داری نبھانا ہوگی،ان خیالات کا اظہار انہوں نے پولیس خدمت سنٹر اور تھانوں کے مطالعاتی دورے پر آئے طلباء و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر سی پی او زبیر احمد دریشک ،ڈی ایس پی ممتاز آباد اظہر گیلانی اور ڈی ایس پی حرم گیٹ یوسف ہارون بھی موجود تھے،قبل ازیں مقامی سکول کے 50 سے زائد طلباء و طالبات کو تھانہ ممتاز آباد،پولیس خدمت مرکز اور کنٹرول سنٹر کا معائنہ کرایا گیا اور بریفنگ دی گئی ،آر پی او نے قلعہ کہنہ پولیس کنٹرول روم میں طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل کا پولیس پر بتدریج اعتماد بحال ہورہا ہے،سی پی اونے کہا کہ معاشرے کو جرائم فری بنانے کیلئے سول سوسائٹی کا کردار ریڑھ کی ہڈی جیسا ہے، بچوں کے حقوق کے عالمی دن پر بچوں کو پولیس فرائض سے آگاہی ضروری تھی ، تقریب کے اختتام پر آر پی او نے سی پی او اور ڈی ایس پی ممتاز آباد اظہر گیلانی سمیت سکول انتظامیہ کو پولیس یادگاری شیلڈز بھی دیں۔
تازہ ترین