• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیپلز پارٹی کی آمریت کے خلاف جدوجہد بے مثال ہے، منظور اعوان

جرمنی کے دارالحکومت برلن میں پاکستان پیپلز پارٹی کے 52 ویں یوم تاسیس کے موقع پر پیپلز پارٹی برلن کے زیر اہتمام ایک پر وقار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔

اس موقع پر پیپلز پارٹی برلن کے جیالے کارکنوں نے بھرپور تقاریر کیں اور بعد ازاں کیک بھی کاٹا گیا۔ یوم تاسیس کے موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی برلن کے صدر منظور اعوان نے سابق وزیر اعظم  ذوالفقار علی بھٹو شہید اور محترمہ بے نظیر بھٹو شہید سمیت پاکستان پیپلز پارٹی کے تمام شہید کارکنان کو خراج عقیدت پیش کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے منظور اعوان نے کہا پاکستان پیپلز پارٹی کی بنیاد رکھے ہوئے پانچ دہائی سے زیادہ عرصہ گزر چکا ہے، اور اس عوامی جماعت نے ان 52 سالوں میں بہت قربانیاں دی ہیں۔

انہوں نے شہداء کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ شہداء ایم آر ڈی تحریک، شہداء کارساز شہداء لیاقت باغ  تک ہزاروں پارٹی  کارکنان نے جانوں کے نذرانے پیش کیے۔  دو لاکھ کارکن جیلوں میں گئے، 70 ہزار نے کوڑے کھائے، پوری قیادت چیئرمین ذوالفقار علی بھٹو شہید، محترمہ بینظیر بھٹو شہید، میر مرتضی بھٹو شہید اور شاہ نواز بھٹو شہید نے جمہوریت اور پاکستان کے لیے اپنی جان قربان کر دی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی شہداء کی تاریخ اور قائدین کی جدوجہد گواہ ہے، کہ دنیا میں آمریت کے خلاف سیاسی جنگ اور جمہوری کے لیے جدوجہد اور قربانیوں کی ایسی مثال دنیا میں کہیں نہیں ملے گی۔

یوم تاسیس کے موقع پر برلن  میں پارٹی کے تمام سینئیر ارکان موجود تھے۔

مجاہد حسین شاہ کا کہنا تھا کہ بھٹو شہید نے پیپلز پارٹی کو چار اصولوں پر قائم کیا تھا، اسلام، جمہوریت، سوشلزم اور عوام۔ اس نعرے کی بدولت پاکستان کے باشعور عوام میں پیپلزپارٹی مقبول ہوتی گئی۔

عارف سلمی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی قربانیوں کی لازوال داستان ہے۔

انہوں نے کہا کہ جمہوریت کی بحالی کے لیے پیپلزپارٹی کے قائدین نے شہادتوں کا سفر شروع کیا ہے۔

ملک اسماعیل قیصر نے کہا کہ ہم اپنے قائدین پر فخر کرتے ہیں جنہوں نے پاکستان کو مارشل لاء سے بچانے کے لیے اپنی جانیں نچھاور کیں۔

تقریب میں برلن اور جرمنی کے دیگر شہروں سے بھی پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر کارکنان، دانشور، ادبی و سماجی شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔

علاوہ ازیں جرمنی کے دیگر شہروں میں بھی پاکستان پیپلز پارٹی کے 52 ویں یوم تاسیس کے سلسلے میں تقریبات کا انعقاد کیا جارہا ہے۔

تازہ ترین