• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قانون سازی کیلئے نئی کمیٹی قائم، فروغ نسیم سربراہ مقرر

وزیراعظم عمران  خان نے قانون سازی کے امور کے لیے وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم کی سربراہی میں 8 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

وزیراعظم کی منظوری کے بعد کابینہ ڈویژن نے کمیٹی کے قیام کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، جس کے مطابق قانون سازی کے امور کی کمیٹی کے ارکان کی تعداد 8 ہے۔

اعلامیے کے مطابق کمیٹی نئی قانون سازی اور موجودہ قوانین میں ترامیم کا جائزہ لےگی اور اپنی سفارشات پارلیمنٹ یا کابینہ کو دے گی۔

اعلیٰ سطح کی کمیٹی کا چیئرمین وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم کو مقررکیا گیا ہے، ان کے ساتھ اٹارنی جنرل انور منصور اور وزیر پارلیمانی امور اعظم سواتی رکن کمیٹی بنائے گئے ہیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب اور امورِ داخلہ شہزاد اکبر بھی کمیٹی میں شامل ہیں، ان کےساتھ سیکرٹری قانون اور جوائنٹ سیکریٹری وزیر اعظم آفس بھی کمیٹی کے رکن مقرر کیے گئے ہیں۔

اعلامیے کے مطابق سیکرٹری کابینہ ڈویژن کمیٹی کے سیکریٹری کے طور پر امور سنبھالیں گے جبکہ کمیٹی کے سیکریٹریٹ کے لیے کابینہ ڈویژن کو تعاون کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

گزشتہ دنوں آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق کیس میں سپریم کورٹ نے حکومت کو 6 ماہ میں قانون سازی کرنے کا حکم دیتے ہوئے چیف آف آرمی اسٹاف کی مدت میں 6 ماہ کی مشروط توسیع دی ہے۔

اس حوالے سے وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ حکومت آرمی چیف کی مدت میں توسیع سے متعلق قانون قومی اسمبلی اور سینیٹ سے باآسانی منظور کرالے گی۔

تازہ ترین