کراچی (عبدالماجدبھٹی) کراچی میں اس سال پاکستان سپر لیگ میں تماشائیوں کی لیگ میچوں میں عدم دلچسپی کے باعث اگلے سال صرف پانچ میچوں کی میزبانی نیشنل اسٹیڈیم کو مل سکی ہے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا ہوم گراؤنڈ کراچی ہوتا تھا لیکن اب اس کے ہوم میچ لاہور میں ہوں گے۔ 2025 میں بھی ارباب نیاز اسٹیڈیم پشاور اور بگٹی اسٹیڈیم کوئٹہ کو پی ایس ایل کے کسی میچ کی میزبانی نہیں مل سکے گی، گراؤنڈ سیکیورٹی معاملات کے علاوہ دونوں گراؤنڈ مکمل طور پر تیار نہیں ۔ پشاور اور کوئٹہ میں وارم اپ میچ کرانے کی تجویز ہے۔
جنگ کو مصدقہ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب پنڈی اسٹیڈیم میں ہوگی ، پلے آف اور فائنل سمیت چار میچ بیرون ملک کرانے کی تجویز دی گئی ہے۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور اور پنڈی اسٹیڈیم میں دس دس، کراچی اور ملتان میں پانچ، پانچ میچ ہوں گے ۔
آخری چار میچ انگلینڈ میں اوول لندن ، اولڈ ٹریفورڈ مانچسٹر اور ایجبسٹن برمنگھم میں کرانے کی تجویز ہے۔ کوئٹہ اور لاہور قلندرز کا ہوم گراؤنڈ قذافی اسٹیڈیم، پشاور زلمی اور دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کے میچ پنڈی اسٹیڈیم میں ہوں گے۔
ملتان سلطانز کا ہوم گراؤنڈ ، ملتان اسٹیڈیم ہوگا۔ گذشتہ دنوں لاہور میں پاکستان سپر لیگ گورننگ کونسل میں اگلے ٹورنامنٹ کے بہت سارے معاملات کو حتمی شکل دے دی گئی۔
فرنچائز مالکان کو اعتماد میں لے کر پی سی بی نے چار سینٹرز میں پی ایس ایل کرانے کا فیصلہ کیا ، بیرون ملک فائنل سمیت پلے آف کرانے کے فیصلے کو پذیرائی ملی۔