کراچی سمیت ملک بھر میں سرد موسم کے ساتھ موسمی بیماریوں میں اضافہ ہو گیا ہے۔
سرد موسم میں اپنے ساتھ سردی کے ساتھ کئی بیماریاں، نزلہ، زکام، کھانسی، سینے کے امراض اور مسائل لاتا ہے، ایسے میں غذا اور لباس کے ساتھ احتیاط بے حد ضروری ہے۔
کراچی میں علی الصباح مختلف علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی جس کے بعد موسم سرد اور خوش گوار ہو گیا۔
یہ تبدیلی جہاں خشک موسم لا رہی ہے وہیں کچھ بیماریوں کا دروازہ بھی کھلنے والا ہے۔
ماہرینِ صحت کہتے ہیں کہ جہاں ایسے موسم میں کھانسی، نزلہ، زکام سمیت وائرل انفکیشن کے خدشات بڑھ جاتے ہیں، وہیں آشوبِ چشم اور پیٹ کی بیماریاں بھی لوگوں کو اپنا نشانہ بناتی ہیں۔
ماہرینِ صحت کا کہنا ہے کہ سرد موسم میں اگر تندرست رہنا ہے تو صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھنا اور کھانے پینے میں احتیاط کرنی ہو گی۔
ڈاکٹروں کے مطابق قوت مدافعت میں کمی سے بچنے کے لیے بچے، حاملہ خواتین اور بزرگ افراد اس موسم میں خاص احتیاط کریں۔
واضح رہے کہ آج علی الصباح کراچی شہر کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی ہونے اور ٹھنڈی ہوائیں چلنے کے باعث سردی بڑھ گئی ہے۔
نارتھ کراچی، ناگن چورنگی، گلستانِ جوہر، صدر، شارع فیصل، محمود آباد، ڈیفنس اور اختر کالونی سمیت مختلف علاقوں میں بوندا باندی ہوئی ہے۔
ٹریفک پولیس نے سڑکوں پر پھسلن کے سبب موٹر سائیکل سواروں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔
کراچی میں سردی کی شدت 10 دسمبر کے بعد سے بڑھنے کی پیشگوئی کی گئی تھی، تاہم آج بعض مقامات پر بوندا باندی کے بعد شہریوں نے سردی سے بچاؤ کے انتظامات شروع کر دیے ہیں۔
ادھر وادیٔ کوئٹہ سمیت بلوچستان کے شمالی علاقوں میں مطلع صاف رہنے کے ساتھ موسم سرد اور خشک ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق وادیٔ کوئٹہ اور گرد و نواح میں موسم سرد اور خشک ہے، جبکہ قلات اور زیارت سمیت ملحقہ علاقوں میں موسم شدید سرد ہے۔
آئندہ24 گھنٹوں کے دوران بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔