• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیپلزپارٹی کا 52 یوم تاسیس تجدید عہد کا دن ہے، زمرد خان

اوسلو( پ ر )پاکستان پیپلزپارٹی ناروے کے زیراہتمام پیپلز پارٹی کی 52 یوم تاسیس کی تقریب کا انعقاد پارٹی کے آفس میں ہوا۔ تقریب کا آغاز مرزا مخلص رحمان نے تلاوت کلام پاک سے کیا۔ صدارت پی پی ناروے کے صدر چوہدری جہانگیر نواز نے کی جبکہ مہمان خصوصی سابق ایم این اے اور بےنظیر بھٹو شہید کے قریبی ساتھی زمرد خان تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے زمرد خان نے کہا کہ پیپلزپارٹی کا یوم تاسیس تجدید عہد کا دن ہے۔ پیپلز پارٹی آج سے 52 سال پہلے پاکستان کے محنت کشوں، مزدوروں، کسانوں اور نچلے طبقے کی آواز بنی۔ زمرد خان نے کہا کہ پاکستان میں مہنگائی عروج پر ہے، بےروزگاری میں اضافے سے چوری چکاری، ڈاکہ زنی اور جرائم میں اضافہ ہوا ہے۔ پی پی پی ناروے کے صدر چوہدری جہانگیر نواز نے اپنے خطاب میں کہا کہ پیپلز پارٹی نے ریاستی جبر کا مقابلہ ہر دور میں کیااور کسی آمر کے آگے سر نہیں جھکایا۔ پیپلز پارٹی ناروے کے سینئر نائب صدر علی اصغر شاہد نے کہا کہ دنیا بھر میں چلنے والی جمہوری تحریکوں میں پاکستان پیپلز پارٹی کی جمہوری جدوجہد ایک مثال ہے۔ پارٹی کے ورکرز سے لے کر رہنمائوں تک نے جمہوریت کی آبیاری اپنے خون سے کی ہے۔ پی پی پی ناروے کے انفارمیشن سیکرٹری اسماعیل سرور نے اپنے خطاب میں کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو اپنی والدہ محترمہ بےنظیر بھٹو شہید اور نانا شہید ذوالفقار علی بھٹو کے مشن کو آگے بڑھاتے ہوئے موجودہ حکومت کا ڈٹ کر مقابلہ کر ر ہےہیں۔ نائب صدر چوہدری فاروق پسوال نے کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری کو محض الزامات کی بنیاد پر جیل میں رکھ کر پیپلزپارٹی کو 18 ویں آئینی ترمیم پر بلیک میل نہیں کیا جا سکتا۔ تقریب میں مختلف طبقہ فکر کے افراد نے شرکت کی اور پاکستان پیپلزپارٹی کی جمہوری جدوجہد کو سراہا۔ نظامت علی اصغر شاھد نے کی ۔
تازہ ترین