• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فن لینڈ کی 34 سالہ سانا مارین دنیا کی کم عمر ترین وزیراعظم بن گئیں

لندن ( جنگ نیوز) یورپی ممالک ناروے اور سویڈن کے پڑوسی ملک فن لینڈ کی 34 سالہ سیاستدان سانا مارین دنیا کی کم عمر ترین وزیر اعظم بن گئیں ۔سانا مارین جہاں دنیا کی کم عمر ترین وزیر اعظم بنی ہیں، وہیں وہ فن لینڈ کی تیسری خاتون وزیر اعظم بھی ہیں۔سانا مارین پہلی بار فن لینڈ کی 5 سیاسی جماعتوں کے اتحاد سے وجود میں آنے والی حکومت کی وزیر اعظم ہیں اور دل چسپ بات یہ ہے کہ اس اتحاد میں شامل پانچوں سیاسی جماعتوں کی سربراہی خواتین کے پاس ہے ۔ سانا مارین کا تعلق فن لینڈ کی معروف سیاسی جماعت ’سوشل ڈیموکریٹک پارٹی (ایس ڈی پی) سے ہے ۔ وہ گزشتہ ہفتے وزیر اعظم اینتی رینے کے مستعفی ہونے کے بعد اس منصب پر فائز ہوئی ہیں ہیں ۔ امریکی خبر رساں ادارے کے مطابق سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کی اعلیٰ کونسل میں شامل 32 ارکان میں سے 29 ارکان نے 34 سانا مارین کو وزارت عظمیٰ کیلئے ووٹ دیا۔سانا مارین سے قبل بھی اسی سیاسی جماعت کے اینتی رینے وزیر اعظم تھے اور اس جماعت کو رواں برس اپریل میں ہونے والے انتخابات میں اکثریت ملی تھی ۔ایس ڈی پی نے دیگر 4 سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر حکومت بنائی تھی، تاہم فن لینڈ میں کئی ہفتوں سے محکمہ پوسٹل کے ملازمین کے شدید احتجاج کی وجہ سے اینتی رینے کو وزارت عظمیٰ سے استعفیٰ دینا پڑا تھا۔اینتی رینے کے استعفیٰ کے بعد سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے دیگر سیاستدان بھی وزیر اعظم کے امیدوار تھے، تاہم زیادہ تر کونسل ارکان نے سانا مارین کو ووٹ دے کر نیا وزیر اعظم منتخب کیا۔ وہ 4 برس کی عمر میں وزارت عظمیٰ سنبھالنے والی پہلی وزیر اعظم بن گئی ہیں، دوسرے کم عمر ترین وزیر اعظم کا درجہ یوکرین کے وزیر اعظم 35 سالہ اولکسے ہونچارک کے پاس ہے جبکہ تیسری کم عمر ترین وزیر اعظم نیوزی لینڈ کی 39 سالہ جینسڈا آرڈرن ہیں۔سانا مارین وزیر اعظم بننے سے قبل گزشتہ ہفتے تک وزیر ٹرانسپورٹ کی خدمات سر انجام دے رہی تھیں۔ وہ 2015 میں پہلی بار 30 سال کی عمر میں رکن اسمبلی بنی تھیں۔سانا مارین کی پیدائش متنازع جنسی رجحانات رکھنے والے جوڑے کے ہاں ہوئی تھی اور ان کی پرورش ان کی والدہ نے کی تھیں۔سانا مارین ہم جنس پرست جوڑے کے ہاں پیدا ہوئی تھیں اور وہ اپنے خاندان کی پہلی خاتون ہیں جنہوں نے اعلیٰ تعلیم حاصل کی۔سانا مارین ایک بچے کی والدہ ہیں اور وہ اپنے دیرینہ دوست کے ساتھ رہتی ہیں ۔
تازہ ترین