• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق بحال کروائے، بھارتی ظلم کی چکی میں پسنے والے مظلوموں کو فراموش نہ کیا جائے، علی رضا سید

برسلز (حافظ ا نیب راشد ) چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بنیادی انسانی حقوق بحال کروائے۔ انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پراپنے ایک بیان میں علی رضا سید نے کہاہے کہ دنیا اس دن پر کشمیریوں کو ہرگز فراموش نہ کرے جو گذشتہ128 دنوں سے بھارتی فوج کے محاصرے میں ہیں اور بھارت نے انہیں ان کے بنیادی شہری حقوق سے بھی محروم کر رکھا ہے۔ چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے عالمی برادری خصوصاً اقوام متحدہ اور یورپی یونین سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر کا محاصرہ ختم کروائیں اور اس مقبوضہ علاقے کے مظلوم عوام کے انسانی حقوق کے تحفظ کے لئے فوری اور سنجیدہ اقدامات کریں۔ علی رضا سید نے اس عالمی دن یعنی دس دسمبر کو ’’کشمیریوں کے حقوق کی یاددہانی کادن‘‘ قرار دیتے ہوئے کہاکہ دنیا کی آزاد قومیں اس موقع پر حق خودارادیت سے محروم اور بھارتی ظلم کی چکی میں پسنے والے مظلوم کشمیریوں کو ہرگز فراموش نہ کریں۔ انہوں نے کہاکہ ہم دنیا کو یاد دلواتے رہیں کہ کشمیری کتنے مظلوم ہیں، خاص طور پر یورپ میں مسئلہ کشمیر کے بارے میں ہماری آگاہی مہم اس وقت تک جاری رہے گی جب تک کشمیریوں کا ان کا حق خودارادیت نہیں مل جاتا۔ انہوںنے کہاکہ اگرچہ کشمیری اپنے حق خودارادیت سے سات دہائیوں سے محروم ہیں اور کسمپرسی کی زندگی گزار رہے ہیں لیکن جب سے بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے وہاں کا محاصرہ شروع کردیا ہے، کشمیریوں کے لیے مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں۔ بھارتی محاصرے سے مواصلاتی نظام درہم برہم ہوا ہے، کشمیریوں کا رابطہ دنیا سے ختم ہوگیا ہے، ان کی صحت، عبادت اور انکے بچوں کی تعلیم بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ انھوں نے کہاکہ یہ مقبوضہ خطہ پہلے ہی انسانی حقوق کی پامالیوں کا شاہد تھا، لوگوں پراظہاررائے کی پابندی تھی اور ظلم اتنا تھا کہ پرامن مظاہرے کرنے والوں پر براہ راست گولی چلائی جاتی تھی، حتی کہ انہیں پیلٹ گن سے نشانہ بنایاجاتا تھا جس سے کئی لوگ اپنی آنکھوں سے محروم ہوگئے۔ علی رضا سید نے زوردے کرکہاکہ جنوبی ایشیاء میں امن اورخوشحالی مسئلہ کشمیرکے مناسب حل کے بغیرممکن نہیں۔ پاکستان اور بھارت کے مابین مذاکرات کے بارے میں انہوں نے کہاکہ دوطرفہ مذاکرات کا ابھی تک کوئی فائدہ نہیں ہوا لہذا اب ضروری ہوگیاہے کہ مسئلہ کشمیرپر بین الاقوامی ثالثی ہونی چاہیے اور کشمیریوں کو بھی مذاکرات کے عمل میں شامل کیا جائے۔ چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے عالمی طاقتوں بالخصوص امریکہ اور یورپی یونین سے مطالبہ کیا کہ بھارت کے ساتھ تعلقات میں کشمیریوں کے انسانی حقوق کے مسائل کو مدنظر رکھیں اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی کرنے پر بھارت پر پابندیاں لگائیں۔ بھارت پر دباؤ ڈالا جائے تاکہ وہ کشمیریوں کے حقوق کی پامالی بند کرے اور بغیر تاخیر کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دے 

تازہ ترین