• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مصباح کے عہدے کرکٹ بورڈ کیلئے گلے کی ہڈی بن گئے، تمام فیصلے اکیلے نہیں کرتے، چیئرمین

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے لئے مصباح الحق کو ایک سے زیادہ عہدے دینا گلے کی ہڈی بن گیا ہے۔ احسان مانی نے ایک بار پھر وضاحت کی ہے کہ لوگوں کو غلط فہمی ہوگئی ہے کہ مصباح سارے فیصلے اکیلے کرتے ہیں۔ ساتھی سلیکٹرز کی رائے پر عثمان خان شنواری اور فواد عالم کو پاکستان ٹیم میں شامل کیا گیا۔ مصباح الحق کے علاوہ چھ سلیکٹرز اور ندیم خان مل کر ٹیم بناتے ہیں۔ ایسوسی ایشن کے ہیڈ کوچز سابق ٹیسٹ کرکٹرز ہیں وہ مصباح الحق کے سلیکشن پینل میں ہیں اور سب مل کر ٹیم بناتے ہیں۔ جبکہ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کہا کہ سلیکٹرز کا آئیڈیا نیا ہے۔ ماضی میں چیف سلیکٹرز ہیڈ کوچ اور کپتان سے اختلاف کرتے تھے۔ اسی چیز کو ختم کرکے ایک شخص کو اختیارات دیئے گئے ہیں لیکن اس کے لئے احتساب کا نظام بھی موجود ہے۔ جمعرات کو پنڈی میں ناشتے پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب پاکستان ٹیم آسٹریلیا میں تھی، کوچز ڈومیسٹک کرکٹ دیکھ رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں کوئی بھی کرکٹ بورڈ ،کرکٹ گرائونڈز نہیں بناتا یہ حکومت کاکام ہے۔ ہمارا کام کرکٹ چلانا ہے، پاکستان واحد ملک ہے جہاں ہم آٹھ گرائونڈ کی نگرانی کررہے ہیں۔ اب میں اسٹیڈیم میں پیسہ لگائیں یا کرکٹ چلائیں ۔ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں چھ مہینے میں 6 سو سے 7 سو ملین روپے خرچ ہوئے۔ پی سی بی کے وسائل بھی محدود ہیں۔ احسان مانی نے کہا کہ اس وقت بھارتی بورڈ کا سیکریٹری جے شاہ، وزیر داخلہ امیت شاہ کا بیٹا ہے، امیت شاہ کٹر ہندو انتہاء پسند ہے اور ان سے خیر کی توقع نہیں ہے۔ پرانے بورڈ کے حکام میرے دوست تھے، میں ان کو اچھی طرح جانتا تھا۔انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش سے بات چل رہی ہے، اگلے ماہ ایم سی سی آرہی ہے۔ انگلینڈ 2021 اور آسٹریلیا 2022 میں آئے گا۔ ہم کہتے ہیں پاکستان محفوظ ہے اگر کسی کو اعتراض ہے تو وہ آگاہ کریں۔ بنگلہ دیش کے ساتھ ٹیسٹ میچ راولپنڈی میں ہی ہوگا۔ اس وقت کوئٹہ میں فرسٹ کلاس کرکٹ میچ ہو رہے ہیں۔ احسان مانی نے کہا کہ بنگلہ دیش کی سیکیورٹی ٹیم یہاں آئی تھی۔ اس دورے کے بعد سے اب تک بنگلہ دیش خاموش ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے کھیلوں کی ٹاسک فورس کے بارے میں اپنی رپورٹ حکومت کو دے دی ہے اس پر عمل درآمد حکومت نے کرنا ہے۔

تازہ ترین