• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

بی آر ٹی میں غلطیاں تسلیم کرتے ہیں، مشیر وزیر اعظم کا اعتراف

بی آر ٹی میں غلطیاں تسلیم کرتے ہیں، مشیر وزیر اعظم کا اعتراف 


پشاور(جنگ نیوز) وزیر اعظم کے مشیر برائے اسٹیبلشمنٹ ارباب شہزاد کا کہنا ہے کہ بی آر ٹی خیبر پختونخوا حکومت کا پہلا تجربہ تھا تسلیم کرتے ہیں کہ اس میں غلطیاں ہوئیں منصوبہ مکمل ہونے کی حتمی تاریخ نہیں دے سکتا لیکن چند ماہ بعد مکمل ہونے کے بعد شہریوں کو سہولت ملے گی۔

پشاور میں کھلی کچہری کے موقع پر میڈیا کو بریفنگ میں ایڈوائزر وزیراعظم محمد شہزاد ارباب کا کہنا تھا کہ بی آر ٹی چند ماہ میں مکمل ہوجائے گا حتمی تاریخ تو نہیں دے سکتا لیکن منصوبے کی تکمیل کے بعد شہریوں کو سہولت ملے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ یہاں آنے کامطلب یہ نہیں کہ تاثر لیا جائے کہ مجھے وزیر اعظم نے یہاں بھیجا ہے، یہ میرا اپنا صوبہ ہے یہاں آتا رہتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ سرکار کے افسران عوام کے تابع ہیں اسی لیے انہیں کھلی کچہری میں عوام کے سامنے کھڑا کیا، وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کے لیے کوشش کر رہے ہیں چند ماہ میں عوام کو ریلیف ملے گا۔

ارباب شہزاد کا کہنا تھا کہ 27 دسمبر کو یوٹیلٹی اسٹورز کو ڈیجیٹل کیا جائے گا جس پر 6 ارب روپے لاگت آئے گی جبکہ 180 ارب روپے احساس پروگرام میں عوام کے لیے 137 پروگرام شامل کیے گئے ہیں۔

تازہ ترین