• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی آئی سی پر حملے میں ملوث عناصرکیخلاف کارروائی کی جائے ،قاری عباس

ہیلی فیکس (زاہد انور مرزا) سیاسی سماجی اور مذہبی شخصیات نے پاکستان کے شہر لاہور میں وکلاء کی طرف سے پی آئی سی ہسپتال میں مبینہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حملے میں ملوث وکلاء کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ پاکستان پیپلز پارٹی برطانیہ کے مذہبی امور کےصدر علامہ قاری محمد عباس، پاکستان پیپلز پارٹی بریڈفورڈ کے صدر آصف نسیم راٹھور اور استحکام پاکستان کونسل برطانیہ کے صدر زیڈ اے مرزا نے ایک مشترکہ اعلامیہ جاری کرتے ہوئے وکلاء کی طرف سے لاہور میں امراض قلب کے ہسپتال میں ڈاکٹروں، مریضوں اور ان کے تیمارداروں پر تشدد کی پُر زور مذمت کی ہے۔ علامہ قاری محمد عباس نے اپنے بیان میں کہا کہ ‎پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی پانچ سو ‎سنتالیس بیڈز پر مشتمل پنجاب کا امراضِ قلب کا سب سے بڑا ہسپتال ہے۔ یہاں پر تقریباً سال میں تین لاکھ نوے ہزار مریضوں کا علاج کیا جاتا ہے۔ کالے کوٹ میں لوگوں کو انصاف مہیا کرنے والے غنڈہ گردی اور وحشت کی علامت بن گئے ہیں۔ وکلاء نے ظلم کی انتہا کر دی کہ دل کے مریضوں کو لگی آکسیجن تک کھینچ کر اُتار دیں، جس سے دل کے مرض میں مبتلا کئی مریض اُسی وقت جاں بحق ہوگئے۔ قوم کا حکومت سے مطالبہ ہے کہ ایسے شر پسند وکلاء کے خلاف فوری کارروائی کر کے ان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ علامہ محمد عباس نے مزید کہا کہ وکلاء کی طرف سے ایسی دہشت گردی کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا تھا، کیونکہ دنیا میں یہ ایک ایسا طبقہ ہے جس کو ہر معاشرے میں انتہائی عزت و توقیر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ‎امراض قلب کے ہسپتال پر دھاوا، توڑ پھوڑ، ہنگامہ آرائی کے باعث ڈاکٹرز، نرسیں اور دیگر عملہ نے بھاگ کر اپنی جانیں بچائیں۔ یہی نہیں بلکہ مشتعل وکلا نے میڈیا کے نمائندوں پر بھی پتھراؤ اور تشدد کیا۔ کالے کوٹ والوں کا عام لوگوں کے ساتھ رویہ انتہائی ظالمانہ و سفاکانہ ہے۔
تازہ ترین