سیالکوٹ میں گولی لگنے سے مرنے والے گیارہویں جماعت کے طالب علم عمار سید کی موت کی تحقیقات جاری ہیں۔
پولیس نے تحقیقات کے لیے متوفی کے دوستوں کو حراست میں لے لیا، ایک دوست نے ویڈیو بیان میں دعویٰ کیا کہ ٹک ٹاک کی ویڈیو بناتے ہوئے گولی چل گئی تھی۔
مرنے والے طالب علم کے دوست ذوہیب کا کہنا ہےکہ ہم تین دوست ٹک ٹاک پر ویڈیو بنارہے تھے، تو عمار پہلے میرے سر پر پستول رکھی لیکن گولی نہیں چلی، مگر جب پیٹ پر پستول رکھی تو گو لی چل گئی۔
ذوہیب نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ میں پولیس کے سامنے پیش ہونے جارہا ہوں۔
مرنے والے طالب علم عمار سید کے لواحقین نے اس کے دوستوں پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ عمار کو اس کے دوستوں نے قتل کیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ قتل ہے یااتفاقیہ گولی لگنے سے موت ہوئی، حقائق سامنے لائیں گے جبکہ یہ واقعہ گزشتہ روز پیش آیا ہے اور دونوں دوستوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہےکہ تحقیق کی جارہی ہیں کہ وائرل ویڈیو اسی واقعے کی ہے یا پرانی ہے۔