• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

الیکٹرانک میڈیا ایڈیٹرز ، نیوز ڈائریکٹرز ایسوسی ایشن کی ایگزیکٹیو کمیٹی قائم

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک) وفاقی دارالحکومت میں براڈ کاسٹ میڈیا کے سینئر پروفیشنلز کے اجلاس میں میڈیا تنظیم ’’ایسوسی ایشن آف الیکٹرانک میڈیا ایڈیٹرز اینڈ نیوز ڈائریکٹرز‘‘ (AEMEND)کے معاملات چلانے کے لئے16ارکان پر مشتمل ایگزیکٹو کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔ ایگزیکٹو کمیٹی تنظیم کے لئے سینئر ٹی وی اینڈ ڈیجیٹل جرنلسٹس کی ممبر سازی مکمل کرے گی۔ تنظیم کا مقصد آئین پاکستان میں دیئے اور اقوام متحدہ کے ہیومن رائٹس چارٹر میں تسلیم کئے گئے میڈیا کی آزادی اور آزادی اظہار کو یقینی بنانا ہے۔ تنظیم آزادی صحافت کو فروغ دینے کے لئے ٹی وی اور ڈیجیٹل جرنلسٹس کو تربیت کے مواقع بھی فراہم کرے گی۔ اجلاس میں جیو نیوز کے اظہر عباس کو ایسوسی ایشن کا پہلا صدر، ہم نیوز کے محمد مالک، نیو ٹی وی کے محمد عثمان کو نائب صدور، اے آر وائی نیوز کے محمد یوسف کو جنرل سیکرٹری جب کہ اب تک نیوز کے نمائندے کو خزانچی منتخب کیا گیا۔ ایگزیکٹو کمیٹی کے ارکان میں سما ٹی وی کے ڈائریکٹر نیوز فرحان ملک، ڈان نیوز کے ڈائریکٹر زاہد مظہر، گروپ ایڈیٹر ایکسپریس نیوز ایاز خان، آج ٹی وی کے ڈائریکٹر نیوز راشد محمود، دنیا ٹی وی کے حبیب اکرم، جی این این کے ڈائریکٹر نیوز عاطف فخر، ڈائریکٹر نیوز 92نیوز فاروق مجید، کے ٹی این نیوز کے ڈائریکٹر نیوز غلام مصطفیٰ جروار، نیوز ون کے ڈائریکٹر نیوز حافظ طارق، چینل24کے ڈائریکٹر نیوز میاں طاہر، کنٹرولر نیوز خیبر ٹی وی مبارک علی شامل ہیں۔ ڈائریکٹر نیوز مشرق ٹی وی محمود جان، ڈائریکٹر نیوز کیپٹل ٹی وی نوشاد علی، پبلک نیوز کے ڈی این فواد خورشید نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ الیکٹرانک میڈیا کے سینئر ارکان بشمول حامد میر، فہد حسین، عامر متین، عاصمہ شیرازی، عارفہ نور، عنبر شمسی، غریدہ فاروقی، ایاز خان اور ہارون الرشید نے بھی اجلاس میں شرکت کی اور میڈیا کو درپیش صورتحال پر آگاہی دی۔ کونسل آف نیوز پیپرز ایڈیٹر (سی پی این ای) کے جنرل سیکرٹری جبار خٹک نے ایگزیکٹو کونسل تشکیل دی اور پرنٹ میڈیا کے لئے سی پی این ای کے قیام کی تاریخ پر روشنی ڈالی۔
تازہ ترین