• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جناح اسپتال کے پروفیسر کا علاج سرکاری خرچ پر ہوگا

قانون نافذ کرنے والے ادارے کی گاڑی کی ٹکر سے شدید زخمی ہونے والے جناح اسپتال کراچی کے سابق پروفیسر ڈاکٹر سعید منہاس اس وقت جناح اسپتال میں موت و زیست کی کشمکش میں مبتلا ہیں، وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے ان کا علاج سرکاری خرچ پر کروانے کا حکم دیا ہے۔

جناح اسپتال کراچی کے سابق پروفیسر آف آرتھوپیڈکس اور حادثات میں زخمی مریضوں کی سرجری کے ماہر پروفیسر سعید منہاس گزشتہ روز آرٹس کونسل کے باہر قانون نافذ کرنے والے ادارے کی گاڑی کی ٹکر سے شدید زخمی ہو گئے تھے۔

زخمی پروفیسر اپنی اہلیہ اور بچوں کے ساتھ نیشنل اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹس کے باہر فٹ پاتھ پر چل رہے تھے کہ فٹ پاتھ میں موجود گڑھے میں پاؤں پھنسنے کی وجہ سے روڈ پر گر گئے اور پیچھے سے آنے والی تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے شدید زخمی ہوگئے۔

پروفیسر سعید منہاس کو فوری طور پر سول اسپتال سے ملحقہ ٹراما سینٹر لے جایا گیا لیکن اربوں روپے کی لاگت سے بننے والے ٹراما سینٹر میں سہولیات کی عدم موجودگی کے باعث انہیں آغا خان اسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کردیا گیا ہے۔

جناح اسپتال کراچی کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمی جمالی کے مطابق پروفیسر سعید منہاس نے اپنی 35سالہ پریکٹس کے دوران ہزاروں مریضوں کی جان بچائی اور جب گزشتہ روز وہ خود زخمی ہوئے تو ٹراما سینٹر میں سہولیات کی عدم فراہمی کی بناء پر انہیں پرائیویٹ اسپتال میں منتقل کرنا پڑا۔

دوسری جانب وزیراعلی ہاؤس کے حکام کے مطابق جناح اسپتال کی انتظامیہ کی جانب سے لکھے گئے ایک خط کے جواب میں وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے پروفیسر سعید منہاس کا علاج سرکاری خرچ پر کرانے کا حکم دے دیا ہے۔

اس سلسلے میں محکمہ صحت سندھ نے ایک خط کے ذریعے آغا خان اسپتال کی انتظامیہ کو پروفیسر سعید منہاس کے علاج معالجے کے تمام اخراجات کے بل حکومت سندھ کو بھجوانے کی ہدایت کردی ہے۔

دوسری جانب ڈاکٹروں کی تنظیموں اور پروفیسر سعید منہاس کے دوستوں اور شاگردوں نے ان کے لیے سوشل میڈیا پر انصاف کی اپیل اور دعاؤں کی درخواست کی ہے۔

ڈاکٹر عیسی لیبارٹری کے سربراہ ڈاکٹر فرحان عیسیٰ نے سوشل میڈیا پر اپنی ایک پوسٹ میں پروفیسر سعید منہاس کے لیے دعاؤں کی اپیل کی ہے جبکہ ان کا کہنا تھا کہ اس حادثے کے ذمہ داران کو اپنے کیے کی سزا بھگتنی چاہیے۔

تازہ ترین