• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محبوبہ مفتی کی بیٹی کو حراست میں لے لیا گیا



مقبوضہ کشمیر کی سابق وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی کی بیٹی التجا مفتی کو سری نگر میں حراست میں لے لیا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق التجا مفتی کو سری نگر میں ان کی رہائش گاہ سے حراست میں لیا گیا۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ التجا مفتی اپنے گھر پر ایک پریس کانفرنس کرنے جارہی تھیں اس خبر کے بعد ہی بھارتی فورسز حرکت میں آئیں اور فوراً ہی ان کے گھر کا محاصرہ کرتے ہوئے محبوبہ مفتی کے گھر جانے والے تمام راستوں کو بند کردیا اور التجا مفتی کو حراست میں لے لیا۔

واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی جاری ہے، سرچ آپریشن کے دوران سفاکیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے مزید 3 کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا گیا۔

کشمیری نوجوانوں کی شہادت کا واقعہ آج مقبوضہ کشمیر کے ضلع راجوڑی میں پیش آیا جہاں بھارتی فوج نے محاصرے کے دوران فائرنگ کر کے انہیں شہید کیا۔

سرکاری ذرائع نے ابھی تک ان شہادتوں کی اطلاعات کی تصدیق نہیں کی۔

دوسری جانب قابض بھارتی پولیس نے ضلع گندربل میں گھر پر چھاپہ مار کر ایک نوجوان کو گرفتار کر لیا۔

علاوہ ازیں رات گئے ہلاک ہونے والے 2 بھارتی فوجیوں کی شناخت 29 سالہ نائیک ساونت سندیپ رگوناتھ اور 25 سالہ رائفل مین ارجن میگر کے نام سے ہوئی ہے۔

تازہ ترین