• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئی جی سندھ کی تبدیلی کیلئے وفاق کو خط لکھ دیا گیا

آئی جی سندھ کی تبدیلی کیلئے وفاق کو خط لکھ دیا گیا


آئی جی سندھ کلیم امام کی تبدیلی کے لیے وفاق کو خط لکھ دیا گیا۔

سیکریٹری سروسز کی جانب سے خط سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ کو لکھا گیا۔

اس سے قبل انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ کی تبدیلی کے معاملے پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے وزیراعظم عمران خان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔

وزیر اعلیٰ سندھ اور وزیر اعظم کے درمیان آئی جی سندھ کے معاملے پر پیدا ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دوسری طرف ترجمان سندھ حکومت نے آئی جی کی تبدیلی کا فیصلہ یک طرفہ ہونے کا پی ٹی آئی کا الزام رد کردیا۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ وزیراعلیٰ کی وزیراعظم سے ملاقات میں پولیس ایکٹ کے مطابق آئی جی کو ہٹانے کا عمل شروع کرنے پر اتفاق کیا گیا تھا۔

آئی جی سندھ کی تبدیلی سے متعلق وزیراعظم اور وزیراعلیٰ میں یہ دوسرا رابطہ ہے۔

سندھ حکومت آئی جی سندھ کے لیے تین نام وفاق کو ارسال کرے گی۔

 واضح رہے کہ گزشتہ روز سندھ کابینہ نے آئی جی سندھ کلیم امام کی خدمات وفاق کے سپرد کرنے کی منظوری دی تھی۔ کابینہ ارکان نے آئی جی سندھ پولیس کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا تھا۔

وزیر اعلیٰ سندھ کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں چیف سیکریٹری سندھ ممتاز شاہ، صوبائی کابینہ کے تمام اراکین، وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری ساجد جمال ابڑو، سیکریٹری داخلہ اور سیکریٹری قانون نے شرکت کی تھی۔

کابینہ کا کہنا تھا کہ انسپکٹر جنرل (آئی جی) آف پولیس صوبے میں جرائم کو کنٹرول کرنے میں ناکام رہے ہیں اور انہوں نے متعدد بار ڈسپلین کی خلاف ورزی کی ہے جس میں فارن مشنز اور سفارت خانوں سے حکومت اور فارن آفس کی اجازت کے بغیر براہ راست رابطے اور براہ راست خط و کتابت شامل ہے۔

کابینہ کا کہنا تھا  کہ آئی جی پولیس نے قواعد و ضوابط اور وفاقی حکومت کے ایس او پی کی خلاف ورزی کی اور براہِ راست کراچی اور اسلام آباد میں کام کرنے والے فارن مشنز کے ساتھ خط و کتابت کی۔ کابینہ نے متفقہ طور پر وفاقی حکومت سے آئی جی پولیس ڈاکٹر کلیم امام کی خدمات واپس لینے کا مطالبہ کیا تھا۔

تازہ ترین