گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ ایسے لوگوں سے مذاکرات نہیں کرنے چاہئیں جو پاکستان کی ترقی میں رکاوٹ ہیں۔
کراچی میں مزارِ قائد پر حاضری دینے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کامران ٹیسوری نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دوست مذاکرات کو نہیں مانتے، اڈیالہ میں بیٹھا شخص مغرور ہے۔
گورنر سندھ نے کہا کہ جس طرح بھارت سے جنگ جیتی ہے اسی طرح معیشت کی جنگ بھی جیت لیں گے۔ معرکہ معیشت کے لیے ہم تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں اہم ترین ملک بن چکا ہے، اسلام آباد طاقت کا مرکز بن گیا ہے۔ پاکستان سعودی عرب میں محافظ کا کردار ادا کررہا ہے۔
کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل کی دوٹوک پالیسی نے پاکستان کو دنیا میں اہم مقام دلایا، بہترین عسکری حکمت عملی نے پاکستان کا اعتماد بحال کیا۔
گورنر سندھ نے کہا کہ قومی ایئرلائن کی نجکاری کا عمل گیم چینجر ثابت ہوسکتا ہے، دو دہائی بعد نجکاری کا عمل شفاف طریقے سے نظر آرہا ہے۔
قبل ازیں گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مزارِ قائد پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔
اس موقع پر سینئر وزیر شرجیل انعام میمن، ناصر حسین شاہ اور دیگر کابینہ ارکان بھی ان کے ہمراہ تھے۔