• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تبدیلی کیلئے رویوں میں تبدیلی لانا ہوگی ،مشیر وزیراعلیٰ

پشاور ( نیوزڈیسک )مشیر وزیراعلیٰ برائے محکمہ اعلیٰ تعلیم میاں خلیق الرحمن نے کہا ہے کہ مشیر اعلیٰ تعلیم نے کہا ہے کہ ایک مثالی معاشرے کی تشکیل کے لئے اساتذہ کا کردار مسلمہ ہے۔ اصل تبدیلی لانے کے لئے رویوں میں تبدیلی لانا ہوگی۔ اجتماعی مفادات کو انفرادی مفادات پر ترجیح دینا ہوگی۔طلبا وطالبات کی بہتر تربیت کے لئے کریکٹر بلڈنگ سوسائٹی کو فعال بنانا ہوگا۔ معاشرتی برائیوں کے حوالے سے آگاہی اور ان کے خاتمے کے لئے نصاب میں جدید دور کے مطابق تبدیلیاں کرنا ہوگی۔کالجز کی مانیٹرنگ کا نظام مذید فعال بنانے کے لئے ضروری اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔تبادلوں کے لئے ٹرانسفر پالیسی پر سختی سے عمل درآمد کرنا ہوگا۔ڈائریکٹوریٹ آف ہائیر ایجوکیشن کا تمام ریکارڈ کمپوٹرائز کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈائریکٹوریٹ آف ہائیر ایجوکیشن خیبر پختونخوا کا دورہ کیا۔ ڈائریکٹر ہائیر ایجوکیشن خیبر پختونخوا پروفیسر عبدالوہاب خان نے ڈائریکٹوریٹ آف ہائیر ایجوکیشن پہنچنے پر مشیر اعلیٰ تعلیم خیبر پختونخوا میاں خلیق الرحمن کا استقبال کیا۔ مشیر اعلیٰ تعلیم نے ڈائریکٹوریٹ آف ہائیر ایجوکیشن کے مختلف دفاتر کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹوریٹ آف ہائیر ایجوکیشن خیبر پختونخوا نے مشیر اعلیٰ تعلیم کو تعلیمی اور انتظامی امور کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پرایڈیشنل ڈائریکٹر ایڈمن پروفیسر ظہورالحق، ایڈیشنل ڈائریکٹر اکیڈمک پروفیسر محمد روز خان سمیت ڈائریکٹوریٹ آف ہائیر ایجوکیشن کے تمام افسران موجود تھے۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ پروفیسر محمد زمان نے مشیر اعلیٰ تعلیم کو برویفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ہائیر ایجوکیشن کے لئے 12 بلین روپے مختص کئے گئے ہیں۔ جو مجموعی بجٹ کا 2.4 فیصد بنتا ہے۔ صوبے کے255 کالجز میں سے 128 کالجز میں بی ایس چار سالہ ڈگری پروگرام میں 71 ہزار طلبا و طالبات کو 800 مختلف شعبہ جات میں اعلیٰ تعلیم دی جارہی ہے۔ صوبہ خیبر پختونخوا میں 65 کالجز پر کام جاری ہیں۔ صوبے کے انٹرمیڈیٹ کالجز میں داخلے آن لائن نظام کے ذریعے شفاف اور میرٹ کے مطابق کئے گئے ہیں۔ آئندہ سیشن سے بی ایس چار سالہ پروگرام کے داخلے بھی آن لائن ہو جائیں گے۔جس کے لئے سافٹ وئیر کی تیارہو چکا ہے۔ کالجز کی موثر نگرانی کے لئے مانیٹرنگ کا نظام فعال کردیا گیا ہے۔بی ایس چارسالہ پروگرام کے لئے مارکیٹ سے 2 اساتذہ کی خدمات کنٹریکٹ پر حاصل کی گئی ہیں۔مشیر اعلیٰ تعلیم میاں خلیق الرحمن نے افسران سے جلداز جلد تمام کالجز سٹاف اور کالجز کو درپیش مسائل کے حوالے سے تفصیلات بھجوانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ کالجز میں سوکس کو پڑھانے کا مربوط انتظام کیا جائے تاکہ طلبا و طالبات کو مفید شہری بنایا جاسکیں اور وہ ملک و قوم اور معاشرے کے لئے سودمند ثابت ہو سکیں۔ انہوں نے نصاب میں موثر اور مفید تبدیلیوں کے لئے سفارشات طلب کرلی۔
تازہ ترین