• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہر طرح کے کینسر کے علاج کیلئے مدافعتی نظام کا اہم حصہ دریافت

کراچی (نیوز ڈیسک) ہمارے مدافعتی نظام کا ایک ایسا حصہ دریافت کرلیا گیا ہے جسے تمام اقسام کے کینسر کے علاج کیلئے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ 

برطانیہ کی کارڈف یونیورسٹی کے ماہرین نے لیبارٹری میں تجربات کے دوران پراسٹیٹ، چھاتی، پھیپھڑوں اور دیگر اقسام کے کینسر کو ختم کرنے کا طریقہ دریافت کیا۔ نیچر امیونولوجی نامی جریدے میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق، اگرچہ یہ نیا طریقہ مریضوں پر استعمال نہیں کیا گیا لیکن محققین کا کہنا ہے کہ اس میں مثبت نتائج کے حصول کی زبردست صلاحیت موجود ہے۔ 

کارڈف یونیورسٹی کی ٹیم نے بتایا کہ یہ ٹی سیلز اور ان کے حساسے مختلف انواع کے کینسرز کو تلاش کرکے انہیں ختم کر سکتے ہیں، ان میں جلد، خون، انتڑیوں، چھاتی، ہڈیوں، پراسٹیٹ، بچہ دانی، گردوں اور سروائیکل کینسر شامل ہے۔ 

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ یہ کام فی الحال ابتدائی مراحل میں ہے لیکن نتائج اور پیشرفت بہت زبردست ہے۔

 رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ماہرین مدافعتی نظام (امیون سسٹم) میں جسم کی حفاظت کا غیر روایتی طریقہ تلاش کر رہے تھے کہ یہ نئی چیز سامنے آئی جسے خون کے اندر پائے جانے والے خصوصی خلیے (T-Cells) کا نام دیا گیا ہے۔ 

یہ وہ خلیہ ہے جو جسم کا جائزہ لے کر یہ بتاتا ہے کہ آیا کوئی ایسا خطرہ تو نہیں جسے ختم کرنے کی ضرورت ہے۔ 

جو بات اہم ہے وہ یہ ہے کہ یہ خلیہ ہر طرح کےکینسرز پر اثر انداز ہو سکتا ہے۔ 

پروفیسر اینڈریو سیویل نے برطانوی خبر رساں ادارے سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ اس بات کا امکان ہے کہ ہر مریض کو کینسر سے نجات دلائی جا سکتی ہے۔ 

T-Cells میں ایک حساسہ (Receptor) ہوتا ہے جو ان خلیوں کو کسی دوسرے خلیے کی کیمیائی سطح کی حد تک دیکھنے اور جائزہ لینے کی صلاحیت دیتا ہے۔

تازہ ترین