• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پہلی ششماہی میں ٹیکس وصولی میں 16.5فیصد اضافہ ہوا‘حماد اظہر

اسلام آباد (آئی این پی)وفاقی وزیر اقتصادی امور حماد اظہر نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کے پہلے6 ماہ میں ٹیکس وصولی میں ساڑھے 16فیصد اضافہ ہوا، ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والوں کی تعداد16لاکھ سے بڑھ کر 27لاکھ ہوگئی، ایف بی آر نے پہلے6ماہ میں95فیصد ٹارگٹ پورا کیا، درآمدات میں کمی کی وجہ سے ٹیکس میں بھی کمی ہوئی، اگر یہ کمی نہ ہوتی تو پانچ فیصد کا خسارہ بھی پورا کرلیا جاتا‘جی ڈی پی کے تناسب سے ٹیکس وصولی میں اضافہ ضروری ہے۔پچھلے 10، 12سال میں 2فیصد سے زیادہ اضافہ نہیں ہوا ۔وہ پیر کو سینیٹ میں سینیٹر کلثوم پروین کی ایف بی آر کی کارکردگی سے متعلق تحریک پر جواب دے رہے تھے ۔ حماد اظہر نے کہا کہ ماضی کے برعکس ہم نے امپورٹ پر ٹیکس وصولی کے ذریعے اپنا چھ ماہ کا ہدف حاصل نہیں کیا بلکہ اس وقت بھی اگر دیکھا جائے تو ٹیکس وصولی میں ہمیں مالی سال کے لئے 28فیصد کا اضافہ نظر آ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ انکم ٹیکس، سیلز ٹیکس اور ایکسائز ڈیوٹی سمیت تمام ٹیکسوں کی وصولی میں اضافہ ہوا ہے، یہ ایک اچھی پیشرفت ہے۔ ہمیں ڈالر کی بچت کرنا ضروری تھی اسی لئے ٹیکس وصولی میں کچھ کمی نظر آئی۔ انٹرسٹ انکم پر چھ ماہ میں 141فیصد کے اضافے کے ساتھ 35 ارب روپے جمع ہوئے۔ پٹرولیم مصنوعات کی درآمد پر ٹیکس کا 50 فیصد حصہ ہے جس کو ہم 30 فیصد پر لائے ہیں۔اسٹیل کے شعبہ میں ٹیکس وصولی میں 20.8 فیصد کا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

تازہ ترین