• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


پھل اور سبزیاں ہماری اچھی صحت کے لیے بہت اہم ہوتے ہیں، ان کے بغیر ہماری غذا نامکمل ہوتی ہے کیونکہ اِن میں قُدرتی طور پر مختلف قسم کے معدنیات، وٹامنز اور دیگر غذائی اجزاء پائے جاتے ہیں جو ہمارے جسم کو صحت مند بنانے میں ایک اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

ایسا ہی قُدرتی فوائد سے بھرپور ایک پھل امرود بھی ہےجسے سردیوں کا پھل بھی کہا جاتا ہے، امرود کھانے کے کُچھ حیرت انگیز فوائد ہیں جن سے بہت کم لوگ ہی واقف ہوں گے۔ امرود کھانے سے وزن میں کمی آتی ہے، آنکھوں کی بینائی کو بہتر کرتا ہے۔

امرود کے صحت سے متعلق فوائد:

نظامِ ہاضمہ کو بہتر کرتا ہے:

امرود ہمارے نظامِ ہاضمہ کو بہتر کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے، امرود میں فائبر موجود ہوتا ہے، اِس کے علاوہ اینٹی مائیکروبیل کی خصوصیات بھی ہوتی ہیں جو ہماری آنتوں سے نقصان دہ بیکٹریا کا خاتمہ کرتے ہیں۔ 

اگر آپ روزانہ ایک امرود کھائیں گے تو اِس سے آپ آنتوں کی بیماریوں سے بھی دور رہیں گے اور ساتھ ہی آپ کا نظامِ ہاضمہ بھی بہتر ہوگا۔

وزن میں کمی:

نظامِ ہاضمہ کو بہتر بنانے کے علاوہ امرود کھانے کا ایک اہم فائدہ یہ بھی ہے کہ یہ وزن کم کرنے میں معاون ثابت ہوتا ہے، امرود میں فائبر موجود ہوتے ہیں جو ہماری بھوک کی سطح کو کم کرتا ہے اور اِس کے علاوہ اس میں کیلوریز کی تعداد بھی کم ہوتی ہے، لہٰذا اگر آپ وزن کم کرنا چاہتے ہیں تو آپ اپنی غذا میں امرود کو ضرور شامل کریں۔

شوگر کے مریضوں کے لیے مفید:

امرود ایک ایسا پھل ہے جو شوگر کے مریضوں کے لیے بھی مفید ہوتا ہے، اس میں موجود فائبر شوگر کی سطح کو برقرار رکھنے میں مدد کرتا ہےچانک شوگر کی سطح کو بڑھنے سے بھی روکتا ہے، ایسے مریضوں کو چاہیے کہ اپنے ڈاکٹر سے مشورہ کرکے اپنی روز مرہ کی غذا میں امرود کو شامل کرلیں۔

کینسر کے خطرے کو کم کرتا ہے:

امرود کینسر کے خطرے کو بھی کم کرتا ہے، اس میں موجود اینٹی ایکسیڈینٹ جسم میں موجود اُن آزاد ریڈیکلز سے لڑتے ہیں جو کینسر کا سبب بنتے ہیں، اِسی وجہ سے امرود کو کینسر سے بچاؤ کا پھل بھی کہا جاتا ہے۔

آنکھوں کی بینائی بہتر کرتا ہے:

آج کل موبائل فون ضرورت سے زیادہ استعمال کرنے کی وجہ سے ہر دوسرا شخص آنکھوں کی کمزور بینائی کا شکار ہے لیکن اب اِس کے لیے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ امرود میں اِس کا علاج ہے۔ 

اگر آپ کو اپنی آنکھوں کی بینائی بہتر کرنی ہے تو آپ کے لیے ضروری ہے کہ روزانہ امرود کھائیں کیونکہ اِس میں وٹامن اے موجود ہوتا ہے جو آنکھوں کی بینائی کے لیے مفید ہوتا ہے۔

تازہ ترین