• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اپوزیشن کا رمضان سے قبل عوام کو حکومت کیخلاف سڑکوں پر لانےکا منصوبہ

لاہور (مقصود اعوان) ملک کی متعدد سیاسی و دینی اپوزیشن جماعتوں نے رمضان المبارک کی آمد سے قبل عوام کو حکومت کے خلاف سڑکوں پر لانے کیلئے منصوبہ بنایا ہے جس کیلئے ہوم ورک مکمل کر لیا گیاہے۔ پہلے مرحلے میں مہنگائی،بیروزگاری، بجلی، گیس بلوں میں اضافے، آٹے اور چینی کے بحران کے خلاف چاروں صوبوں میں رابطہ عوام مہم اور احتجاجی جلسے اور ریلیاں منعقد کرکے اپنی سیاسی قوت کا مظاہرہ کرنے کی منصوبہ بندی کی ہے۔ جماعت اسلامی نے 20فروری کو مہنگائی کے خلاف ملک گیر احتجاج کا اعلان کر دیا ہے جس کی قیادت امیر جماعت سینیٹر سراج الحق کریں گے۔ جمعیت علماء اسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمٰن کی قیادت میں6 دینی جماعتوں کے اتحاد نے فروری اور مارچ میں کراچی ،لاہور، پشاور اور اسلام آباد میں بھرپور طاقت کا مظاہرہ کرنے کیلئے ورکرز کو کال دے دی ہے۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاو ل بھٹو زرداری سندھ اور جنوبی پنجاب میں گندم کی کٹائی اور موسم گرما کی آمد سے قبل حکومت کے خلاف احتجاجی جلسوں سے خطاب کرکے رائے عامہ ہموار کریں گے جبکہ سب سے بڑی اپوزیشن جماعت مسلم لیگ (ن) کے سربراہ میاں شہباز شریف نے پارٹی کی صوبائی قیادت کو عوام سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی، ان کی مارچ میں وطن واپسی کے بعد مسلم لیگ ن لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، قصور جیسے شہروں میں حکومتی پالیسیوں کے خلاف ملک بچاؤ تحریک کے حوالے سے بڑے بڑے احتجاجی پروگرام کرے گی۔ اس طرح رمضان المبارک، گندم کی کٹائی اور موسم گرما کی آمد سے قبل مارچ اور اپریل کے وسط تک احتجاجی پروگراموں کے باعث ملک میں سیاسی ماحول کا درجہ حرارت بھی کافی بڑھ جائے گا۔
تازہ ترین