• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلڈنگ قوانین کی خلاف ورزی‘ ایف 11اکانومی فلیٹس مالکان کو نوٹس

اسلام آباد (نیوز رپورٹر) سی ڈی اے کے بلڈنگ کنٹرول ڈائریکٹوریٹ نے بلڈنگ قوانین کی خلاف ورزی پر اسلام آباد کے سیکٹر ایف الیون میں اکانومی فلیٹس کے مالکان کو نوٹس جاری کر دیئے ہیں۔ یہ نوٹسز صفاء ہائیٹس، گولڈن ہائیٹس، طارق ہائیٹس، صغریٰ ٹاور، قراقرم اور ابوظہبی ٹاور کے ان مالکان کو دیئے گئے ہیں جنہوں نے ان اکانومی فلیٹس کے تہہ خانے میں رہائشی فلیٹس تعمیر کر رکھے ہیں۔ سی ڈی اے کے بلڈنگ کنٹرول ڈائریکٹوریٹ کی طرف سے اسلام آباد کی مختلف عمارات کا ڈیٹا اکٹھا کرنے کیلئے کئے جانے والے حالیہ سروے کے دوران ان اکانومی فلیٹس کے تہہ خانوں میں فلیٹوں کی تعمیر کی نشاندہی ہوئی جس پر بلڈنگ کنٹرول ڈائریکٹوریٹ نے اکانومی فلیٹس کی عمارات میں ہونیوالی اس خلاف ورزی پر نوٹس جاری کر دیئے ہیں۔ نوٹس میں خلاف ورزیاں فوری ختم کرنیکی ہدایت کی گئی ہے بصورت دیگر بلڈنگ کنٹرول کا عملہ ازخود کارروائی کریگا۔ واضح رہے کہ ان اکانومی فلیٹس کے تعمیراتی کام کے دوران بھی تہہ خانوں میں فلیٹ تعمیر کرنے شروع کر دیئے گئے تھے تاہم سی ڈی اے بلڈنگ کنٹرول ڈائریکٹوریٹ نے بلڈنگ بائی لاز کی خلاف ورزی پر یہ فلیٹ تعمیر نہ ہونے دیئے تھے تاہم ان اکانومی فلیٹس کی تعمیر مکمل ہونے کے بعد ان رہائشی ٹاورز کے مالکان نے دوبارہ تہہ خانوں میں فلیٹ تعمیر کر لئے جس کے باعث جہاں ان اکانومی فلیٹس کے مکینوں کیلئے مختص کار پارکنگ ختم کر دی گئی وہاں ان اکانومی فلیٹس کی گاڑیوں کی باہر سڑکوں گلیوں میں پارکنگ سے ٹریفک میں بھی لگاتار رکاوٹ پیدا ہو رہی تھی۔ سی ڈی اے انتظامیہ نے بلڈنگ کنٹرول ڈائریکٹوریٹ کو ہدایت کی ہے کہ نوٹس کے باوجود بائی لاز پر عملدرآمد نہ کرنے والوں کیخلاف متعلقہ قوانین کے تحت کارروائی کی جائے تاکہ ان اکانومی فلیٹس کے مکینوں کی گاڑیوں کیلئے مختص کار پارکنگ سے یہ رہائشی مستفید ہوسکیں۔
تازہ ترین