• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کے پی اسمبلی کا اجلاس اپوزیشن کی ہنگامہ آرائی کا شکار ہوگیا

کے پی اسمبلی کا اجلاس اپوزیشن کی ہنگامہ آرائی کا شکار ہوگیا


خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس اپوزیشن کی ہنگامہ آرائی کا شکار ہوگیا۔

اسپیکر کے پی اسمبلی مشتاق غنی کے سربراہی میں ہونے والے اجلاس کی کارروائی شروع ہوئی تو اپوزیشن لیڈر اور جمعیت علماء اسلام (ف) کے رہنما اکرم خان درانی نے اسپیکر سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آپ اسمبلی کے ساتھ مذاق کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومتی اراکین کی غیر موجودگی میں آپ اجلاس کی کارروائی جاری رکھتے ہیں، لیکن اب اپوزیشن مزید اجلاس کی کارروائی چلنے نہیں دیں گے۔

اپوزیشن اراکین نے حکومتی وزرا کی عدم موجودگی پر اپوزیشن اراکین نے اسپیکر ڈائس کا گھیراؤ کرلیا۔

اس دوران انہوں نے حکومتی اراکین کے خلاف نعرے بازی کی اور ایوان مچھلی بازار کا منظر پیش کرنے لگا۔

اسپیکر نے کئی بار اپوزیشن اراکین کو بیٹھ کر بات کرنے کی رولنگ دی مگر حزب اختلاف نے ان کی ایک نہ سنی جس پر اسپیکر نے 10 منٹ کے لیے اجلاس ملتوی کردیا۔

اس دوران پیپلزپارٹی کی رکن نگہت اورکزئی اسپیکر کی نشست پر براجمان ہوگئیں۔

حکومت نے ہنگامہ آرائی کے دوران ہی یونیورسٹی ایکٹ، اسٹامپ ڈیوٹی ایکٹ اور گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے قوانین میں ترامیم پیش کی، تاہم اس کے بعد اسپیکر نے اجلاس منگل 2 بجے تک کےلیے ملتوی کردیا۔

علاوہ ازیں حکومت نے نازیبا الفاظ استعمال کرنے والے اراکین کے خلاف ایکشن لینے کا عندیہ بھی دیا۔

تازہ ترین