• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

10 لاکھ ڈالر، چمچماتی ٹرافی پاکستان سپر لیگ ٹیموں کی منتظر، بورڈ نے انعامات کا اعلان کردیا

10 لاکھ ڈالر، چمچماتی ٹرافی پاکستان سپر لیگ ٹیموں کی منتظر


کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ کی تاریخ بڑے میلے کے لئے نیشنل اسٹیڈیم میں تیاریوں حتمی مرحلے میں داخل ہوگئی ہے۔ نیشنل اسٹیڈیم کی آئوٹ فیلڈ ہری بھری ہے اور گرائونڈ خوبصورت منظر پیش کررہا ہے۔ منگل کی شام اسٹیڈیم میں آرٹسٹوں نے ریہرسل میں حصہ لیا اور اپنی تیاریوں کو آخری شکل دی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ 22 مارچ کی شب قذافی اسٹیڈیم لاہور میں فائنل کی فاتح ٹیم کو چمچماتی ٹرافی کے علاوہ پانچ لاکھ ڈالرز کی خطیر انعامی رقم ملے گی۔ ایونٹ کی رنرزاپ ٹیم 2 لاکھ امریکی ڈالرز کی انعامی رقم وصول کرے گی۔ چار سال میں چار الگ الگ ٹرافیاں دینے کے بعد پی سی بی نے اب فاتح ٹیم کو رننگ ٹرافی بھی دینے کا اعلان کیا ہے۔ پی سی بی ترجمان کے مطابق پی ایس ایل میں گذشتہ سال والی انعامی رقم میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا ہے۔ ٹورنامنٹ کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور ڈی جی رینجرز سندھ عمر احمد بخاری نے بھی اسٹیڈیم کا دورہ کیا۔ پاکستان نے1987 اور1996کے ورلڈ کپ کی میزبانی کی تھی۔ جبکہ2008 میں ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ پاکستان میں ہوا تھا۔پاکستان سپر لیگ پاکستان کی تاریخ کا چوتھا بڑا ٹورنامنٹ ہے جس میں دنیا کے صف اول کے کھلاڑی ایکشن میں دکھائی دیں گے۔ پاکستان میں سب سے بڑے کرکٹ میلے، پی ایس ایل 2020 میں مجموعی طور پر10 لاکھ امریکی ڈالرزکی مالیت کی انعامی رقم تقسیم کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ ایونٹ کے دوران ہر میچ کے بہترین کھلاڑی کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا جائے گا۔ ایونٹ میں کل 34 میچز کھیلے جائیں گے۔ ہر میچ کا بہترین کھلاڑی 4500 امریکی ڈالرز پر مشتمل انعامی رقم وصول کرے گا۔80 ہزار امریکی ڈالر زمالیت کی انعامی رقم ایونٹ کے بہترین کھلاڑی، بہترین بیٹسمین، بہترین بولر اور اسپرٹ آف کرکٹ کے ایوارڈز جیتنے والوں میں برابری کی بنیاد پر تقسیم ہوگی ۔ باقی ماندہ انعامی رقم ٹورنامنٹ کے دوران بہترین کیچ، بہترین رن آؤٹ اور سب سے زیادہ چھکے لگانے والے کھلاڑیوں کے لیے مقررہ انعامات کی مد میں تقسیم کی جائے گی۔ 34 میچز پر مشتمل 32 روزہ ایونٹ، پی ایس فائیو، ایشیا کپ 2008 کے بعد پاکستان میں کرکٹ کا سب سے بڑا میلہ ہے۔ پی ایس ایل 2020 کا افتتاحی میچ 20 فروری کو دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور 2 مرتبہ کی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کے مابین ہوگا۔ میچ 9 بجے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں شروع ہوگا، اس سے قبل 45:6 بجے ایونٹ کی افتتا حی تقریب کا آغاز ہوگا۔

تازہ ترین