ڈگری (نامہ نگار ) ایس ایس پی جاوید بلوچ کی ہدایات و احکامات پر پولیس کا ضلع کے مختلف تھانوں کی حدود میں گٹکا فروشوں ، دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والے عناصر اور روپوش و اشتہاری ملزمان کے خلاف بھرپور کاروائیوں کا سلسلہ جاری رہا- ایس ایچ او کوٹ غلام محمد نے پران موری، دیا نگر لنک روڈ اور نزد نندحائی ریلوے پھاٹک پر گٹکا فروش عناصر کے خلاف کاروائیاں کرکے ملزمان محمد جمن، اعظم جٹ اور ثنااللہ کو گرفتار کرلیا، ملزمان کے قبضے سے 780 دیسی ساختہ گٹکے برآمد کر کے ملزمان کے خلاف زیر دفعہ 8 گٹکا مین پڑی ممانعت ایکٹ کے تحت تھا نے میں درج کر لیا۔ ایس ایچ او تعلقہ تھانہ نے جرواری شاخ اسٹاپ پر کاروائی کی، ملزم مراد علی کو گرفتار کر کے اسکے قبضے سے 237 دیسی ساختہ و انڈین گٹکے برآمد کر لئے۔ ایس ایچ او دلبر خان مہر تھانہ نے 12 میل موری اسٹاپ اور نزد دوسو اسٹاپ پر دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والے عناصر کے خلاف کاروائیاں کرتے ہوئے ملزمان سائیں بخش وسان اور ذوالفقار بھنبرو کو گرفتار لیا ۔ پولیس نے ملزمان کے زیر استعمال دو مسافر وین قبضہ میں لے لی۔ ایس ایچ او ٹنڈو جان محمد تھانہ نے بائی پاس روڈ پر روپوش و اشتہاری ملزمان کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے روپوش ملزم غلام مرتضی عرف بابو کو گرفتار کر لیا۔ روپوش ملزم تھانہ سامارو ضلع عمرکوٹ کے جعلسازی کے مقدمہ میں پولیس کو مطلوب تھا۔