• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نعمان اعجاز کی پاکستانی قوم سے گھروں میں رہنے کی اپیل

نعمان اعجاز کی پاکستانی قوم سے گھروں میں رہنے کی اپیل 


لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)معروف اداکار نعمان اعجاز نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے پیش نظر شاعرانہ انداز میں پاکستانی قوم سے گھروں میں رہنے کی اپیل کردی۔گزشتہ روز پاکستان شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے معروف اداکار نعمان اعجاز نے تصویر اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنی ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ بھارت کے اُردو شاعر بشیر بدر کی مشہور غزل کے کچھ اشعار پڑھتے ہوئے پاکستانی قوم کو گھر میں رہنے کی تلقین کر رہے ہیں۔نعمان اعجاز نے بشیر بدر کے اشعار کچھ اِس طرح پڑھے:یوں ہی بے سبب نہ پھرا کرو کوئی شام گھربھی رہا کرو،وہ غزل کی سچی کتاب ہے اُسے چُپکے چُپکے پڑھا کرو،کوئی ہاتھ بھی نہ ملائے گا جو گلے ملو گے تپاک سے،یہ نئے مزاج کا شہر ہے ذرا فاصلہ سے ملا کرو،نعمان اعجاز نے یہ اشعار پڑھنے کے بعد کہا کہ ’آج ہماری سڑکوں پر پولیس اور فوج نہ کھڑی ہوتی اگر ہم اپنا دماغ استعمال کرتے اور سمجھتے کہ آخر موقع کی نزاکت کیا ہے۔‘اداکار نے کہا کہ ’مجھے دُکھ اِس بات کا ہے کہ فوج اور پولیس کے کھڑے ہونے کے باوجود بھی ہم نہیں سمجھ رہے ہیں۔‘اُنہوں نے کہا کہ’عجیب قوم ہے، عجیب لوگ ہیں۔‘نعمان اعجاز نے کہا کہ ’جب حکومت ہمیں کہتی ہے کہ گھروں سے باہر نکلو اور ووٹ ڈالو تو ہم گھر سے باہر نہیں نکلتے اور جب حکومت ہمیں کہتی ہے کہ گھر میں بیٹھیں کیونکہ یہ آپ کی زندگی کا سوال ہے تو ہمیں گھر میں رہنے میں نہ جانے کون سی تکلیف ہوتی ہے۔‘اداکار نے کہا کہ’خدا کا واسطہ ہے گھروں میں رہیں۔‘اُنہوں نے اپنی اِس پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ ’بہترین معذرت خواہ سلوک بدل دیا جاتا ہے، ایماندارانہ رویہ اختیار کرتے ہوئے طرز عمل کو بدلنے دیا جاتا ہے۔‘نعمان اعجاز نے لکھا کہ ’آئیے ایمانداری کے ساتھ استغفار کریں۔‘واضح رہے کہ اِس سے قبل نعمان اعجاز نے اپنے ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے پاکستان کے تمام طبی عملے کو خراج تحسین پیش کیا تھا۔

تازہ ترین