• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا وائرس، متاثرین ½5 لاکھ، امریکا پہلے نمبر پر، ہلاکتیں 26 ہزار سے بڑھ گئیں، برطانوی وزیراعظم اور وزیر صحت بھی شکار

کورونا وائرس، متاثرین ½5 لاکھ، امریکا پہلے نمبر پر، ہلاکتیں 26 ہزار سے بڑھ گئیں


پیرس، برسلز، واشنگٹن، لندن(اے ایف پی، خبرایجنسیاں)کورونا وائرس سےمتاثرین ساڑھے 5 لاکھ،امریکا پہلے نمبر پر ، ہلاکتیں26ہزار سے بڑھ گئیں، برطانوی وزیراعظم اور وزیر صحت بھی شکار،وائرس 183ممالک میں پھیل گیا۔

امریکا میں 97ہزار ، اٹلی میں 86500مریض،جنوبی افریقہ اور ترکی کے کچھ علاقے بھی لاک ڈائون، فرانس میں وائرس تیزی سے پھیلنے کا خدشہ،اٹلی میں ایک روز میں ایک ہزار، اسپین میں 769، امریکا میں 345ہلاکتیں، امریکی ایوان نمائندگان نے 2ٹریلین ڈالرز کا اقتصادی پیکج منظور کرلیا، امریکی صدرنے بورس جانسن کی جلد صحتیابی کیلئے دعا بھی کی ۔

تفصیلات کےمطابق عالمی وباء کورونا وائرس183ممالک میں پھیل گیا، وائرس سے اب تک 26ہزار سے زائد افراد جاںبحق ہوگئے ، صرف یورپ میں 17ہزار 314اموات دیکھی گئیں، یورپ میں سب سے زیادہ متاثر ملک اٹلی ہےجہاں 9ہزار سے زائد ہلاکتیں سامنے آئی ہیں اور صرف 24 گھنٹے کے دوران تقریباً ایک ہزار اموات دیکھی گئیں۔

اسپین میں 24گھنٹے کے دوران 769ہلاکتیں دیکھنے کو ملیں جس کے ساتھ ہی اسپین میں مجموعی ہلاکتیں 4ہزار 858ہوگئیں، وائرس سے دنیا بھر میں متاثرین کی تعداد ساڑھے 5لاکھ سے تجاوز کرگئی ،صرف یورپ میں متاثرین کی تعداد 3لاکھ سے زیادہ ہے۔

متاثرین کے حوالے سے اٹلی 86ہزار 500کیسز کیساتھ دوسرے نمبر پرہے تاہم پہلے نمبر پر97ہزارکیسز کیساتھ امریکا آگیا ہے،امریکا میں گزشتہ روز سب سے زیادہ مریض سامنے آئے ہیں،345ہلاکتوں کیساتھ مجموعی ہلاکتیں 18ہزار ہوگئیں۔

مریضوں کی بڑھتی تعداد کو دیکھتے ہوئے امریکی ایوان نمائندگان نےبھی 2ٹریلین ڈالرز کےاقتصادی بحالی پیکج کی منظوری دیدی ہے اب اس پیکج پر ٹرمپ کے دستخط ہونے باقی ہیں۔

وائرس سے متاثر ممالک میں تیسرے نمبر پر چین ہے جہاں 81ہزارمریض سامنے آچکے ہیں، چین میں24گھنٹے کے دوران 55 کیسز سامنے آئے ہیں ان میں سے 54 کیسز کا تعلق غیرملکیوں سے ہے تاہم چین ابتک 3ہزارسے زائد ہلاکتیں دیکھی جاچکی ہیں۔

امریکا ا ور چین کے درمیان وائرس کے حوالےسے ایک دوسرے پر الزامات کے باوجود چینی صدر شی نے ٹرمپ سے ٹیلی فونک گفتگو میں کہاکہ چین اور امریکا کو وائرس کیخلاف مل کر لڑنا چاہیے۔

افریقہ میں کیسز کی تعداد3ہزار340اور 91ہلاکتیں سامنے آنے کے بعد جنوبی افریقہ نے فوجی لاک ڈائون کردیاہے جس کے بعد یہاں کے شہری بھی ان3 ارب لوگوں میں شامل ہوگئے ہیں جو وائرس کے باعث گھروں میں محصور ہیں۔

فرانسیسی وزیراعظم نے ملک میں کورونا وائرس کے تیزی سے بڑھنے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہاہےکہ آئندہ دنوں میں صورتحال مشکل ہوجائیگی۔

فرانس میں مزید 300افراد زندگی کی بازی ہار گئے جس کے ساتھ ہی ہلاکتیں 2ہزار تک پہنچ گئیں، حکومت نے لوگوں کو گھروں میں رہنے کے احکامات میں15اپریل تک توسیع کردی ۔

برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے خود کے وائرس سے متاثر ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ میں نے خود کو قرنطینہ کرلیاہےتا ہم میں حکومتی امور وڈیو کانفرنس کے ذریعے دیکھوں گا کیوں کہ ہم وائرس کیخلاف جنگ میں ہیں، برطانوی وزیر صحت میٹ بینکاک بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں۔ 

ادھر امریکی صدر ٹرمپ نے جانسن کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی ہے۔ لاطینی امریکامیں وائرس سے متاثر افراد کی تعداد 10 ہزار ہوگئی جبکہ 182 ہلاکتیں دیکھی گئیں، صرف برازیل میں 3 ہزار کیسزاور 77اموات سامنے آئی ہیں۔ 

یورپی ملک بیلجیئم کے بے گھر افراد کو لاک ڈائون کے دوران مشکلات کا سامنا ہے،اس سلسلے میں کچھ ادارے ان افراد کی مدد کیلئے اقدامات کررہے ہیں ،دوسری جانب حکومت نے بھی لاک ڈائون میں 18 اپریل تک کی توسیع کردی ہے۔

ترکی میں 12قصبے اور گائوں لاک ڈائون کردیے گئے جبکہ ملک میں اب تک5700 کیسز سامنے آچکے ہیں جبکہ 92ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔

تازہ ترین