• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا سے بچائو، آسٹریلیا میں 4؍ ہزار طبی ماہرین کو ٹی بی ویکسین لگانے کا تجربہ

کراچی (نیوز ڈیسک) کورونا وائرس کے خطرات کے پیش نظر، آسٹریلیا میں ماہرین نے اس وبا سے متاثر ہونے والے افراد کے علاج پر مامور 4؍ ہزار طبی ماہرین کو ٹی بی کی ویکسن لگانے کا فیصلہ کیا ہے، یہ ویکسین نہ صرف پھیپھڑوں کی بیماری ٹی بی سے بچائو کیلئے اہم سمجھی جاتی ہے بلکہ انسان کی قوتِ مدافعت کو بھی مضبوط بناتی ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ Bacillus Calmette Guerin (BCG) ویکسین ٹی بی سے بچائو کیلئے بچوں کو دی جاتی ہے تاہم اس کے دیگر بھی کئی فوائد ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ویکسین کے ٹرائل سے معلوم ہوتا ہے کہ لوگوں کی قوت مدافعت مضبوط ہوئی اور وہ مختلف انفکشنز سے خود کو بچانے میں کامیاب نظر آئے۔ یہی وجہ ہے کہ آسٹریلوی ماہرین نے اب یہ ویکسین کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد، جن میں علامات ظاہر ہونا شروع ہوگئی ہیں، کو دینے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا ان میں مرض سے نمٹنے کیلئے اضافی مدافعت پیدا ہوئی ہے یا نہیں۔ اس حوالے سے ٹرائل میلبورن کے مرڈاک چلڈرنز ریسرچ انسٹی ٹیوٹ میں شروع کیا جا رہا ہے۔ یاد رہے کہ آسٹریلیا میں اب تک کورونا وائرس کے تین ہزار کیسز سامنے آئے ہیں، ہلاکتوں کی تعداد 13؍ بتائی گئی ہے۔
تازہ ترین