• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محکمہ بورڈز و جامعات میرپورخاص بورڈ میں بھی وقت پر چیئرمین لگانے میں ناکام

کراچی(سید محمد عسکری) محکمہ بورڈز و جامعات سندھ 5تعلیمی بورڈز،انٹر بورڈ کراچی، میٹرک بورڈ کراچی، سندھ ٹیکنیکل بورڈ، لاڑکانہ تعلیمی بورڈ اور سکھر تعلیمی بورڈ میں وقت پر چیئرمین لگانے میں ناکام ہونے کے بعد اب چھٹے تعلیمی بورڈ، میرپور خاص تعلیمی بورڈ میں بھی وقت پر چیئرمین لگانے میں ناکام ہوگیا ہے، میرپورخاص تعلیمی بورڈ کے چیئرمین پروفیسر برکات حیدری کی مدت 28 مارچ کو مکمل ہورہی ہے مگر مدت ختم ہونے سے قبل نہ تو بھرتی کے لئے اشتہار دیا گیا نہ ہی مدت میں توسیع کی گئی جبکہ برکات حیدری کی جانب سے ڈیڑھ ماہ قبل محکمہ کو مدت میں توسیع کی درخواست بھی بھیج دی گئی تھی میرپورخاص بورڈ کے علاوہ باقی پانچ تعلیمی بورڈزکے سربراہوں کی تین سالہ مدت گزشتہ برس 30 ستمبر کو ختم ہوگئی تھی اس دوران محکمہ بورڈز و جامعات سندھ کے پانچ تعلیمی بورڈز میں نئے چیئرمین حضرات کا تقرر نہیں کرپایا نہ ہی ان کی بھرتی کے لئے وقت پر اشتہار دے پایا بعد ازاں جب ان سربراہوں کی مدت ختم ہونے میں چند روز رہ گئے تو محکمہ بورڈز و جامعات کی جانب سے وزیر اعلیٰ سندھ کو سمری بھیجی گئی جس میں کہا گیا تھا کہ ان تعلیمی بورڈز کے سربراہوں کی مدت 30 ستمبر کو ختم ہورہی ہے چنانچہ نئی بھرتی کے لئے تین ماہ کا وقت دیا جائے اس وقت تک موجودہ چیئرمین حضرات کی مدت میں تین ماہ کی توسیع کردی جائے اس دوران اشتہار دے کر تلاش کمیٹی کے ذریعے بھرتی کا عمل مکمل کرلیا جائے گا جس کی منظوری وزیر اعلیٰ سندھ نے دے دی تاہم ۱ب اس سمری کو بھی 6 ماہ کا عرصہ گزرگیا ہے لیکن تاحال چیئرمین کی تقرری کا عمل مکمل نہیں ہوسکا ہے اور ان پانچوں تعلیمی بورڈز میں قائم مقام چیئرمین ہی کام کررہے ہیں تاہم میرپورخاص کا معاملہ اور دلچسپ ہوگا کیونکہ اس وقت لاک ڈائون کے باعث محکمہ بورڈز و جامعات بند ہے چنانچہ قائم مقام کا تقرر بھی مشکل ہوگا اور بورڈ بغیر چیئرمین کے کام کرے گا۔
تازہ ترین