• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کھلاڑیوں نے گھریلو مصروفیات کی وڈیو شیئر کردی

لاہور( جنگ نیوز)کرونا وائرس نے کرکٹرز کو جہاں کھیل کے میدانوں سے دور کردیا ہے وہی انہوں نے گھرمیں فارغ بیٹھنے کے بجائے مصروفیات ڈھونڈ لی ہیں۔سوشل میڈیا پر نامور کھلاڑیوں کی جانب سے شیئر کی جانے والی گھریلو مصروفیات کی وڈیوتیزی سے وائرل ہورہی ہیں۔ٹيسٹ ٹيم کے کپتان اظہرعلی نے وہاب رياض کا اٹھک بيٹھک چيلنج پودیا تو فاسٹ بولر نسيم شاہ کچن ميں مصروف ہيں۔نسیم شاہ نے پکوڑوں کے ساتھ چکن کڑاہی بھی بنائی اور اپنے مداحوں کو حیران کردیا۔جنيد خان نے پوشیدہ ٹیلنٹ دکھاتے ہوئے اپنے بیٹےکے بال کاٹنے کی ويڈيو سوشل ميڈيا پر پوسٹ کی۔ سابق کپتان شیعب ملک کی جانب سے دلچسپ تبصرہ سامنے آیا، شعيب نے لکھا ’’ یہ حال تو آئسوليشن سے پہلے بھی تھا، اس ميں نیا کيا ہے؟۔ ‘‘چین کے شہر ووہان سے شروع ہونے والی کورونا وائرس کی نئی قسم نے جس تیزی سے عالمی وبا کی شکل اختیار کرلی ہے اس نے عالمی دنیا کو بھی تشویش میں مبتلا کردیا ہے۔اس جان لیوا وبا کو پھیلنے سے روکنے کیلئے جہاں دنیا بھر میں لوگوں کو گھروں میں رہنے کا کہا جا رہا ہے وہیں پاکستان سمیت کئی ممالک لاک ڈاؤن ہیں۔ لاک ڈاؤن کی ایسی ہی صورتحال میں غیر ملکی کرکٹرز، فٹبالرز و دیگر کھلاڑیوں نے بھی گھروں میں تنہائی اختیار کرلی ہے اور قرنطینہ میں جانے کے بعد دلچسپ سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ کورونا لاک ڈاؤن کے باعث انگلش کرکٹر مارک ووڈ نے دلچسپ ڈانس مووز دیئے اور ساتھیوں کو ڈانس کا چیلنج دیا دوسری جانب کین ولیمسن پالتو کتے کو کیچ کی پریکٹس کرانے لگے،کوہلی نے اہلیہ انوشکا شرما سے بال کٹوائے،انگلش فٹبالرہیری میگویئراپنے پالتو کتے کے ساتھ فٹبال کھیلنے میں مصروف،بھارتی کرکٹر شیکھر دھون اہلیہ کے زیر نگرانی کپڑے دھونے لگے جبکہ دیگر کئی کھلاڑی ایک دوسرے کو ڈانس، فٹنس و دیگر چیلنجز دیتے دکھائی دے رہے ہیں۔
تازہ ترین