• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اعلیٰ عدلیہ ایڈیٹر انچیف کی گرفتاری کا نوٹس لیں،پی ایف یو جے دستور

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس دستور کے صدر محمد نواز رضا اور سیکرٹری جنرل سہیل افضل نےمشترکہ بیان میں اعلیٰ عدلیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ ایسے حالات میں جب ملک کورونا وائرس سے شدید متاثر ہے ایڈیٹر انچیف جنگ جیو میر شکیل الرحمن کی34سال پرانےکیس میں گرفتاری کا نوٹس لیںاور ان کی فوری رہائی کا حکم دیا جائے،حکومت میڈیا انڈسٹری کو تباہی سے بچانے کیلئے فوری واجبات ادا اور ہراساں کرنا بند کرے۔ نواز رضا نے کہا کہ پی ایف یوجے دستور میر شکیل کی گرفتاری کو میڈیا کو زنجیروں میں جکڑنے کی ایک کوشش اور حکمرانوں کی انتقامی کارروائی کاشاخسانہ سمجھتی ہے، ہمارے نزدیک ماضی کے حکمرانوں کی طرح یہ آزادی صحافت پر حملہ ہے اس کا ملک میں جاری احتساب سے دور دور تک کوئی تعلق نہیں۔ اپنے ایک بیان میں نواز رضا اور سہیل افضل نے کہا ہے کہ حکومت میڈیا کو کنٹرول کرنے اور آزادی اظہار رائے کو سلب کرنے کیلئے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے، دونوں رہنمائو ں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ کورونا وائرس سے جہاں ملکی معیشت کے دوسرے شعبے متاثر ہوئے ہیں وہیں میڈیا انڈسٹری بھی شدید متاثر ہے،مالی بحران بڑھ رہا ہے ،میڈیا ورکرز کو تنخواہیں نہیں مل رہیں ایسے حالات میں حکومت نے ایک جانب بعض گروپ کے اشتہارات روک رکھے ہیں دوسری جانب تصدیق شدہ 3ارب روپے کے واجبات بھی روک رکھے ہیں اور وعدوں یقین دہانیوں کے باوجود یہ واجبات ادا نہیں کئے جارہے ،حکومت میڈیا انڈسٹری کو تباہی سے بچانے کے لیے فوری طور پر واجبات ادا کرے میڈیا کو کو ہراساں کرنے کا سلسلہ ختم کیا جائے،موجودہ حکومت کے دور میں میڈیا پر جو دبائو ہے وہ پاکستان کی تاریخ میں کبھی نہیں رہا،سیاسی مقاصد کے لیے سرکاری اداروں کا استعمال کیا جارہا ہے لیکن ورکرز کی اپیلوں پر توجہ نہیں دی جاتی ،نواز رضا نے کہا ہے پاکستان کی تاریخ میں صحافت پر حملہ کرنے والے ہمیشہ رسوا ہو ئےہیں اس مرتبہ بھی انھیں شرمندگی کا سامنا کرنا پڑے گا ،نواز رضا نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے میڈیا ورکرز سڑکوں پر نہیں آرہے تو حکومت اسے اپنی کامیابی نہ سمجھے اور میر شکیل کی فوری رہائی کا انتظام کرے۔

تازہ ترین