بریسٹ کینسر(چھاتی کے سرطان) میں مبتلا پاکستان کی معروف اداکارہ و سماجی کارکن نادیہ جمیل کی صحتیابی کے لیے صدر مملکت و اہلیہ سمیت پاکستان کی شوبز و دیگر معروف شخصیات نے نیک خواہشات کا ظاہر کرتے ہوئے دُعائیں کی ہیں۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر نادیہ جمیل کی صحتیابی کے حوالے سے ٹوئٹ کیا۔
ڈاکٹر عارف علوی نے لکھا کہ ’اِس میں کوئی شرم کی بات نہیں ہے کیونکہ یہ ایک بیماری ہے اور ہمیں اِس کو مزید آگے پھیلانے کی ضرورت ہے تاکہ لوگ اِس بیماری سے آگاہ ہوسکیں۔‘
صدر پاکستان نے لکھا کہ’آپ انشا اللّہ بہت جلد صحتیاب ہوجائیں گی ہم آپ کے لیے دُعا گو ہیں۔‘
پاکستان شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی معروف اداکارہ ماہرہ خان نے ٹوئٹر پر نادیہ جمیل کی صحتیاب کے لیے دُعا کرتے ہوئے لکھا کہ ’نادو میں بہت جلد آپ کی آواز سُننا چاہتی ہوں۔‘
اداکارہ نے لکھا کہ ’میری دُعائیں آپ کے ساتھ ہیں، اللّہ شفیع، اللّہ کافی۔‘
معروف اداکار ہمایوں سعید نے تصویر اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اداکارہ نادیہ جمیل کے ہمراہ اپنی ایک تصویر شیئر کی۔
ہمایوں سعید نے اپنی اِس پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ’میں آپ کی جلد صحتیابی کے لیے دُعا گو ہوں۔‘
پاکستان کے معروف اداکار نعمان اعجاز نے بھی انسٹاگرام پر نادیہ جمیل کے ہمراہ اپنی ایک تصویر شیئر کی۔
نعمان اعجاز نے اپنی اِس پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ ’میری بہت ہی پیاری اور عزیز نادیہ جمیل کی صحتیابی کے لیے میری بہت ساری دُعائیں ہیں۔‘
اداکار نے لکھاکہ’اللّہ ہمیشہ تمہارے ساتھ رہے، نادو ہم سب تم سے بہت پیارکرتے ہیں اور جلدی ٹھیک ہوجاؤ۔‘
دوسری جانب معروف سماجی کارکن منیبہ مزاری نے ٹوئٹر پر نادیہ جمیل کے ہمراہ کچھ تصاویر شیئر کیں۔
منیبہ مزاری نے ٹوئٹر پر یہ تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’میری نادو میں آپ کے لیے ڈھیر ساری دُعائیں کر رہی ہوں کہ جلد ہی آپ کو شفا ملے۔‘
واضح رہے کہ نادیہ جمیل نے 3 اپریل کو ٹوئٹر پر سلسلہ وار ٹوئٹس میں بتایا تھا کہ ان میں ایک ہفتے قبل کینسر کی تشخیص ہوئی اور 4 روز سے وہ اس بیماری کا علاج کروارہی ہیں۔