پاکستان کی نامور اداکارہ و سماجی کارکن نادیہ جمیل کینسر کے آپریشن کے لیے جانے سے قبل دعائیں کرنے والوں کو دعا دیتی رہیں۔
خیال رہے کہ 3 اپریل کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ایک پیغام میں نادیہ جمیل نے بریسٹ کنسر یا چھاتی کے سرطان میں مبتلا ہونے سے متعلق پیغام دیا تھا۔
تاہم آج انہوں نے پھر سوشل میڈیا پر اس حوالے سے اپنا ایک پیغام جاری کیا ہے۔
نادیہ جمیل نے اس پیغام میں خود کی اور پھول پودوں کی تصویر شائع کی۔
انہوں نے لکھا کی آپ کی دعائیں مجھے باہمت رکھتی ہیں۔
ساتھ میں نادیہ جمیل نے ان لوگوں کے لیے دعا بھی کی جنہوں نے ان کے لیے دعا کی۔
نادیہ جمیل نے اپنے پیغام میں بتایا کہ وہ آیت الکرسی کا ورد کرتے ہوئے آپریشن تھیٹر میں جارہی ہیں۔
واضح رہے کہ 3 اپریل کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اداکارہ نے سلسلہ وار ٹوئٹس میں بتایا تھا کہ ان میں ایک ہفتے قبل کینسر کی تشخیص ہوئی اور 4 روز سے وہ اس بیماری کا علاج کروارہی ہیں۔
انہوں نے بتایا تھا کہ پچھلے کچھ دنوں سے وہ مختلف احساسات سے دوچار ہیں، خوف اور فکر کے احساس سے لے کر اس بیماری کی قبول کرنا، صبر، سمیت اپنے بچوں اور قریبی عزیز و اقارب کے لیے اپنی ذمہ داری کا احساس ہوا۔
سلسلہ وار ٹوئٹس کرتے ہوئے سماجی کاموں میں پیش پیش نادیہ جمیل نے بتایا کہ انہیں بریسٹ کینسر کی اسٹیج ون ہے۔
انہوں نے اپنے پیغام میں پاکستان کی خواتین کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ باقاعدگی سے خود کا چیک اپ کروانا ازحد ضروری ہے، کبھی بھی اپنے جسم اور صحت کو نظرانداز نہ کریں۔