• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان ورلڈ کپ سمیت 6 کرکٹ ٹورنامنٹس کرانے کا خواہاں، آئی سی سی کو پیشکش کردی

پاکستان ورلڈ کپ سمیت 6 کرکٹ ٹورنامنٹس کرانے کا خواہاں


کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے ورلڈ کپ سمیت آئی سی سی کے چھ ٹورنامنٹ کی میزبانی کے لئے باضابطہ پیشکش کردی ہے۔ مارچ میں پی سی بی نے آئی سی سی کو خط لکھا تھا اورکہا تھا کہ پاکستان آٹھ میں سے چھ ایونٹ کی میزبانی کا امیدوار ہے۔ پاکستان کو اس سے پہلے2007کے ٹی 20 ورلڈ کپ اور2011 کے ورلڈ کپ کی میزبانی ملی تھی لیکن پاکستان دونوں ٹورنامنٹ نہیں کراسکا تھا اس سے قبل پاکستان 1987 اور1996 کی مشترکہ میزبانی کر چکا ہے۔ پی سی بی چیئرمین احسان مانی اور سی ای او وسیم خان کی تقرری کے بعد پاکستان آئی سی سی ایونٹ کی میزبانی کے لئے متحرک ہوگیا ہے۔ آئی سی سی بورڈ نے آٹھ ایونٹ کرانے کا فیصلہ کیا تھا۔ جبکہ بھارت انگلینڈ اور آسٹریلیا نے چھ ٹورنامنٹ کا کہا تھا اس لئے تینوں ملک احتجاجاً اگلے سائیکل میں ابھی تک میزبانی کی پیشکش نہیں کررہے۔ پاکستان کے علاوہ ملائشیا جبکہ ویسٹ انڈیز اور امریکا کا کنسورشیم بھی آئی سی سی ایونٹ کرانے کا امیدوار بن کر سامنے آیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کے سائیکل 2023-2031 کے ٹورنامنٹس کی میزبانی کے لیے اپنی دستیابی ظاہر کی ہے۔ پاکستان میں انٹر نیشنل کرکٹ کی بحالی کے بعد غیر ملکی ٹیموں کی آمد شروع ہوگئی ہے دو ماہ قبل پی سی بی کی دعوت پر آئی سی سی کے بھارتی سی ای او مانو سواہنی اور جنرل منیجر ایونٹ کرس ٹیٹلے نے اسلام آباد اور لاہور میں بریفنگ میں شرکت کی تھی۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان نے آئی سی سی ٹورنامنٹس کی میزبانی کے لیے باضابطہ پیشکش کی ہے اورپاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کے خط کا جواب دے دیاہے۔پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان ورلڈ کپ ، چیمپئنز کپ سمیت چھ ایونٹ کی میزبانی کو خواہش مند ہے۔ آئی سی سی کے آئندہ اجلاس میں پی سی بی اپنی پریزینٹیشن دے گا ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی سی سی کا اجلاس مئی کے آخری ہفتے میں ہونے کا امکان ہے ۔آئی سی سی نے فروری میں تمام ممبران کو ٹورنامنٹس کی میزبانی کے حوالے سے خط لکھا تھا۔ بھارت، انگلینڈ اور آسٹریلیا نے آئی سی سی ایونٹس میں دلچسپی ظاہرنہیں کی ہے۔

تازہ ترین