• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہیوسٹن:پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے عطیاتی سامان میئر کے حوالے

ہیوسٹن میں پاکستانی کمیونٹی کی مختلف سماجی و فلاحی تنظیموں کے مشترکہ پلیٹ فارم” ڈیزاسٹر فار ریلیف “ کی جانب سے میئر آف ہیوسٹن کی پی پی ای ڈونیشن ڈرائیو میں پچیس ہزار ڈالر مالیت کی اشیا یہاں سٹی کی جانب سے منعقدہ خصوصی تقریب میں میئر کو عطیہ کی گئیں۔ 

اس موقع پر میئر ہیوسٹن سلویسٹر ٹرنر نے اپنے خطاب میں پاکستانی تنظیموں کے الائنس ڈیزاسٹر فار ریلیف سمیت قونصل جنرل پاکستان ابرار ہاشمی اور کوآرڈی نیٹر سعید شیخ کا شکریہ ادا کیا جنکی کاوشوں سے پی پی ای کا سامان اکھٹا کیا گیا تھا۔

تقریب میں پاکستان کے قونصل جنرل ابرار ہاشمی اور الائینس کے کوآرڈی نیٹر سعید شیخ، ہارون شیخ ، صدر پی اے جی ایچ ، میاں نذیر ، سابق صدر پی اے جی ایچ محمود احمد بھی موجود تھے جنہوں نے کمیونٹی کی مخیر شخصیات اور اداروں کی جانب سے عطیہ کردہ سامان میئر ہیوسٹن کے حوالے کیا۔

مئیر ہیوسٹن سیلویسٹر ٹرنر نے کہا کہ یہ سامان سٹی کی جانب سے کورونا متاثرین کی خدمت کرنے والے عملہ کو دیا جائیگا۔ بعدازاں قونصل جنرل پاکستان ابرار ہاشمی اور کوآرڈینیٹر سعید شیخ نے پریس کانفرنس میں پاکستانی کمیونٹی کی مخیر شخصیات پاکستانی بزنس آئل ٹائیکون سید جاوید انور، امیر مکھانی، اور کمیونٹی پبلی کیشن انتظامیہ ڈیلس کا بھی خصوصی شکریہ ادا کیا۔

 جنہوں نے اپنے فنڈز سے پی پی ای کے عطیات الائینس فار ریلیف کو دیئے، جبکہ سعید شیخ نے سید جاوید انور کی جانب سے دس ہزار ڈالر کا مزید سامان دینے کا اعلان بھی کیا۔

 میئر ہیوسٹن کو جو سامان عطیہ کیا گیا اس میں ہزاروں  این 95 ماسک، سرجیکل ماسک، چہرے کو ڈھاپنے کے آلات ، میڈیکل گریڈ گلووز، حفاظتی احاطہ کرنے والے آلات، کئی درجن باکس جس میں ہاتھ دھونے کے سینیٹائزر سمیت مختلف سامان اور آلات شامل تھے۔

تازہ ترین