معروف اداکارہ زارا نور عباس کا کہنا ہے کہ وہ اپنے والدین سے گلے ملنے کی کمی کو محسوس کرتی ہیں۔
گزشتہ روز پاکستان شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی معروف اداکارہ زارا نور عباس نے تصویر اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنے والدین کی ایک تصویر شیئر کی جس میں اُن کے والدین لندن کے شہر نیو یارک میں موجود ہیں۔
زارا نور عباس نے اپنی اِس پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ ’یہ تصویر کچھ سال قبل نیو یارک میں لی گئی تھی جب میرے بابا امّاں ہر بار کی طرح اپنی باتوں میں کھو گئے تھے۔‘
اداکارہ نے لکھا کہ ’مجھے صبح کے ناشتے، چائے اور رات کے کھانے کے وقت ہماری وہ چہل قدمی اور گفتگو یاد آتی ہے جو میں اپنے والدین کے ساتھ کیا کرتی تھی۔‘
اُنہوں نے لکھا کہ ’ہمیں جب بھی موقع ملتا تھا ہم ڈھیر ساری باتیں کرتے تھے اور آج میں اُن سب لمحوں کو بہت یاد کر رہی ہوں۔‘
زارا نور عباس نے لکھا کہ ’مجھے اپنے والدین سے گلے ملنے کی کمی محسوس ہوتی ہے اور جب وہ لاؤنچ میں بیٹھے ہوتے تھے تو میں اُن کے آس پاس سے گُزرتی تھی مجھے وہ سب بہت یاد آتا ہے۔‘
اداکارہ نے لکھا کہ ’آج ہم سب اپنے گھروں میں قید ہوکر رہ گئے ہیں اور ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ہم سب ایک جگہ پر بندھ گئے ہیں لیکن اگر اِس مشکل وقت میں آپ کے والدین آپ کے آس پاس ہیں تو آپ کو اللّہ کا شُکر گُزار ہونا چاہیے کہ اِس عالمی بحران میں آپ کے والدین آپ کے ساتھ ہیں، آپ اُن کو دیکھ سکتے ہیں، اُن سے باتیں کرسکتے ہیں۔‘
اُنہوں نے لکھا کہ ’جن کے پیارے اُن سے دور ہیں وہ اُن کے لیے بھلے رو لیں لیکن اللّہ سے اُن کے لیے دُعا کریں اور اللّہ سے پوچھیں کہ اچھے دن کب واپس آئیں گے۔‘