• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فلور ملز کا محکمہ خوراک کیخلاف پیر سے مکمل ہڑتال کرنے کا اعلان

اسلام آباد (حنیف خالد) پاکستان فلور ملز نے محکمہ خوراک کی پالیسیوں کیخلاف پیر سے ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے۔ کیونکہ محکمہ خوراک کی طرف سے راولپنڈی‘ اٹک‘ جہلم‘ چکوال کے اضلاع اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی فلور ملوں کو پنجاب سے گندم کی خریداری کیلئے جو پرمٹ دیئے جا رہے ہیں ان پر پنجاب کے کمشنروں‘ ڈپٹی کمشنروں اور اسسٹنٹ کمشنروں نے گندم کی خریداری سے روک دیا ہے۔ پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن نے متفقہ فیصلہ کیا ہے کہ کل جمعرات سے فلور ملیں محکمہ خوراک سے پرمٹ نہیں لیں گی اور اس کا اثر صرف دو دن تک دیکھیں گی‘ چونکہ ہفتے کے روز پہلا روزہ ہے اسلئے پیر 27اپریل کو فلور ملیں گندم کی پسائی بند کر دیں گی جس کے نتیجے میں ملک بھر میں آٹے کی بدترین قلت دو ہفتے کے اندر پیدا ہو جائیگی۔ پاکستان فلور ملز مالکان نے جنگ سے گفتگو میں واضح کیا کہ رمضان سے قبل حکومت نے اگر سرکاری کوٹہ نہ بڑھایا تو فلور ملیں موجودہ 30بوری یومیہ کا کوٹہ نہیں لیں گی کیونکہ اس کوٹہ سے فلور ملز صرف اڑھائی گھنٹے چل سکتی ہیں۔ پاکستان فلور ملز کی طرف سے کہا گیا ہے کہ رمضان میں آٹے کی شارٹیج حکومت کی غلط پالیسیوں کا نتیجہ ہو گی اور حکومت کو اپنے غلط فیصلوں کا خمیازہ بھگتنا پڑیگا۔
تازہ ترین