• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

احساس پروگرام غیر سیاسی بنیاد پر چلا رہے ہیں، ثانیہ نشتر

احساس پروگرام غیر سیاسی بنیاد پر چلا رہے ہیں، ثانیہ نشتر


وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی ثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ احساس پروگرام بالکل غیر سیاسی بنیاد پر چلایا جارہا ہے۔

شہباز گل کے ہمراہ میڈیا بریفنگ میں ثانیہ نشتر نے کہا کہ اس پروگرام پر کوئی سیاست نہیں ہورہی، احساس پروگرام شفایت کے لحاظ سے تاریخی پروگرام ہے۔

انہوں نے کہا کہ احساس پروگرام سے 8 لاکھ سے زائد غیر مستحق افراد کو نکال دیا جبکہ مستحقین کو ملنے والی رقوم میں شفافیت کو یقینی بنایا جارہا ہے۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی نے مزید کہا کہ کیٹیگری ون سے دسمبر میں 8 لاکھ 20 ہزار 65 اور گزشتہ روز 12ہزار مزید لوگ نکالے گئے جو مستحق نہیں تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق تمام کام شفافیت سے ہورہا ہے، کیٹیگری 2 کورونا وائرس کے تناظر میں بنائی گئی ہے۔

ثانیہ نشتر نے یہ بھی کہا کہ کیٹیگری 2 سے پنجاب میں اب تک 8 لاکھ 72ہزار لوگوں نے پیسے وصول کیے ہیں، احساس ایمرجنسی پروگرام کے پورٹل میں تمام تفصیلات ہر کیٹیگری کے مطابق ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تمام تفصیلات عوام کے سامنے رکھنا ضروری ہے کیونکہ یہ پیسا عوام کا ہے، سندھ، کےپی اور بلوچستان کی تفصیلات بھی اب ویب سائٹ سے دیکھ سکتے ہیں۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ صوبائی سطح کے بعد تمام ڈسٹرکٹ کی تفصیلات بھی ویب سائٹ پر فراہم کی گئی ہیں، احساس کیش پروگرام کے تحت 144 ارب روپے تقسیم کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ لوگوں سے گزارش ہے کہ تاریخ والے میسج کا انتظار کریں اور پھر سینٹر جائیں، اگر کسی کا شناختی کارڈ ایکسپائر ہوگیا ہے تب بھی پیسے وصول کیے جاسکتے ہیں۔

ثانیہ نشتر نے کہاکہ 27  اپریل سے نادرا کے تمام دفاتر کھول دیے جائیں گے، جن کے انگوٹھے کے نشان کا مسئلہ آرہا ہے وہ نادرا کے دفتر جاکے تصدیق کرائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میری اور میرے ادارے کی کوشش ہے کہ لوگوں تک ان کی رقم جلد سے جلد پہنچے، کیٹگری 3 کی ابھی جانچ پڑتال جاری ہے۔

تازہ ترین