پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف کامیڈین اور اداکار یاسر حسین نے پاکستان کے سینئر فنکاروں راحت کاظمی اور بشریٰ انصاری کو پاکستان کے لیے پیش کی گئی خدمات کے اعتراف میں خراج تحسین پیش کیا ہے۔
یاسر حسین نے انسٹاگرام پر راحت کاظمی کو سلام پیش کرتے ہوئے انہیں پاکستان کی ڈرامہ انڈسٹری کا سب سے خوبصورت اداکار قرار دیاہے۔
یاسر حسین نے بتایا کہ راحت کاظمی کا معروف ڈرامہ ’دھوپ کنارے‘ ان کا پسندیدہ ڈرامہ ہے۔ اداکار کا کہنا تھا کہ 1976 میں ادکاری کا آغاز کرنے والے راحت کاظمی آج بھی تھیٹر میں پرفارم کرتے ہیں اور ساتھ ساتھ سکھاتے بھی ہیں۔
مذکورہ پوسٹ میں اداکار نے راحت کاظمی کی دراز ی عمر کے ساتھ صحت کی بھی دعا کی ۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ یاسر حسین کی جانب سے گزشتہ روز ایک پوسٹ سامنے آئی تھی جس میں انہوں نے اپنے اس خیال کا اظہار کیا تھا کہ کیوں نہ فنکاروں کو ان کی زندگی میں ہی یاد کیا جائے۔
اسی تناظر میں یاسر حسین نے لیجنڈری اداکارہ بشریٰ انصاری کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ حیران کُن طور پر باصلاحیت اداکارہ بشریٰ انصاری انہیں بے حد پسند ہیں۔
اداکار نے بشریٰ انصاری کے ماضی کے معروف ڈراموں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ڈرامہ ’ففٹی ففٹی ‘ ہو یا آنگن ٹیڑھا وہ ہمیشہ ہی کمال کرتی ہیں۔
انہوں نے لکھا کہ بشریٰ انصاری وہ بجلی ہیں جس سے ہماری انٹرٹینمنٹ انڈسٹری چلتی ہے۔
یاسر حسین نے بشریٰ انصاری کے لیے دعائیہ کلمات لکھتے ہوئے کہا کہ اللّہ انہیں لمبی عمر دے تاکہ وہ ہمیں اسی طرح خوش کرتی رہیں۔
یاسر حسین کے سینئر فنکاروں کو خراج تحسین پیش کرنے کے اس اقدام کو ساتھی فنکاروں کی جانب سے خوب سراہا جارہا ہے۔